Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا حوثیوں میں کوئی سمجھدار انسان بھی ہے؟

22جون 2018ء جمعہ کو شائع ہونیوالے عربی اخبار’’الجزیرہ‘‘ کا اداریہ نذر قارئین

    اگر حوثی یہ سوچ رہے ہیں کہ یمن کے ریاستی اداروں سے انہیں بھگانے اور یمن کوآزاد کرانے والوں کے آگے کوئی آکر کھڑا ہوگا تو وہ غلطی پر ہیں۔ اگر حوثی اس خوش فہمی میں مبتلا ہیں کہ ایران اور قطر ان کی مدد کیلئے آئیں گے تو یہ ان کی بھول ہے۔ ان کے سامنے  نجات کا واحد راستہ جنگ کی شاہراہ پر چلتے رہنے میں نہیں بلکہ اسلحہ اٹھانے سے دستبرداری اور مکالمے کی میز پر واپسی میں مضمر ہے۔ حوثیوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ اگر انہوں نے شہریوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کرکے جنگ کا سلسلہ جاری رکھا تو انہیں موت سے نجات دلانے والا کوئی نہیں ہوگا۔
    جس طرح حوثی جنوبی یمن میں زیر کنٹرول علاقوں سے پسپائی پر مجبور ہوئے ،ویسے ہی اب شمالی یمن کے علاقے ان کے قبضے سے یکے بعد دیگرے نکلتے جارہے ہیں۔یمن کی سرکاری افواج زمین پرانہیں ہر طرف سے گھیرے ہوئے ہیں جبکہ اوپر عرب اتحاد کے طیارے ان پر بمباری کررہے ہیں۔ یمن میں حوثیوں کے ساتھ وہی ہونیوالا ہے جوبرادر ملک عراق کے الموصل شہر میں داعش کے ساتھ ہوچکا ہے۔
    جی سی سی نے سعودی عرب کی سرپرستی میں یمنی بحران کیلئے خلیجی فارمولا پیش کیا تھا۔ حوثیوں نے حریصانہ عزائم اور ایران و قطر کے آقاؤں کے حکم کی تعمیل میں اسے نظر انداز کیا، بغاوت برپا کی اور ملک کو تباہی سے دوچار کردیا۔
    حوثیوں سمیت تمام اہل یمن کے سامنے شاہ سلمان کا پیش کردہ انسانی فارمولا امید کی واحد کرن ہے ۔ اس کی بدولت جنگ سے ہونیوالی تباہ کاریوں کے نتائج منظر سے اوجھل ہونگے۔ یمن کی معاشی ، تعلیمی اور صحت صورتحال بہتر ہوگی۔ ہر یمنی شہری کو ملک کا باسی ہونے کے ناتے قومی حقوق میسر ہونگے۔ حقوق کا تعلق  فرقے، مسلک اور جغرافیہ سے انتساب کی بنیاد پر قائم نہیں ہوگا۔ حاصل کلام یہی ہے کہ حوثیوں کیلئے بہتر ہوگا کہ وہ جنگ کا سلسلہ بند کریں ، بچوں کو جنگ کے دوزخ کے حوالے نہ کریں۔ شہریوں کو ڈھال کے طور پر استعمال نہ کریں۔ یادرکھیں کہ ایرانی ہتھیار اور قطر کے خزانے انہیں یمن کی قومی فوج سے مقابلے کا اہل نہیں بنائیں گے۔ کاش کہ حوثیوں میں کوئی سمجھدار انسان آگے آئے اور انہیں بتائے کہ معرکوں کی گرمی سے نہیں بلکہ سمجھ کی ٹھنڈک سے ہی وہ ہاری ہوئی بازی جیت سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں:- - - -افغان عوام زندگی کا نیا باب شروع اورجنگ بندی میں توسیع کریں، شاہ سلمان

شیئر: