چیف جسٹس، ایڈیشنل سیشن جج پر برہم‘ موبائل پٹخ دیا
لاڑکانہ: چیف جسٹس پاکستان آج لاڑکانہ کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے سیشن کورٹ کا دورہ کیا اور مختلف سماعتوں کا جائزہ لیا۔ اس دوران چیف جسٹس سیشن کورٹ کی عدالت نمبر 3 میں پہنچے جہاں انہوں نے ایڈیشنل سیشن جج کا موبائل لے کر ٹیبل پر پھینک دیا اور کہا کہ آپ اپنا موبائل گھر پر رکھ کر آیا کریں۔ چیف جسٹس نے سیشن جج سے سوال کیا کہ آپ نے صبح سے کتنے مقدمات سنے ہیں، جس پر جج نے جواب دیا کہ 3 کیسز کی سماعت کی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اتنی سست روی سے کام ہوگا تو انصاف کیسے دے سکتے ہیں؟ سندھ اور پاکستان کس جانب جا رہا ہے۔ لاپتا افراد کے کیسز پر آپ کیا کررہے ہیں؟ چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ کیسز جلد سے جلد نمٹائے جائیں۔ علاوہ ازیں چیف جسٹس نے بار میں وکلا سے ملاقاتیں کیں اور کہا کہ میں اپنی سیٹ چھوڑ کر انصاف کے لیے نکلا ہوں، جس میں وکلا کا کردار اہم ہے۔ میں کسی ہڑتال سے گھبرانے والا نہیں۔