مصری فٹبالر محمد صلاح جمہوریہ شیشان کے اعزازی شہری
گروزنی: شیشان کے سربراہ رمضان قادرووف نے مصر کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر محمد صلاح کو روس کے جنوب میں واقع شیشان کی اعزازی شہریت دینے کا اعلان کردیا۔شیشان اس وقت فیفا ورلڈ کپ میں شریک مصر کی ٹیم کے ٹریننگ کیمپ کی میزبانی کر رہا ہے اور قادرووف نے محمد صلاح سے ملاقات بھی کی تھی جنہوں نے رواں سیزن کے دوران انگلش فٹبال کلب لیورپول اور اپنے ملک مصر کے لئے عمدہ کھیل پیش کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ محمد صلاح اب جمہوریہ شیشان کے اعزازی شہری ہیں۔ انہوں نے صلاح کے نام اپنے ٹیلی گرام میں تحریر کیا کہ میں نے ایک حکمنامے پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت مصر اور لیورپول کیلئے کھیلنے والے عظیم فٹبالر اب شیشان کے شہری بھی ہیں۔ اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں محمد صلاح بھی موجود تھے جس میں انہیں خصوصی بیج اور حکمنامہ دیا گیا۔ صدر نے کہا کہ میں نے مصری ٹیم یا صلاح کو آنے کی دعوت نہیں دی تھی بلکہ انہوں نے خود مجھ سے ملاقات کا فیصلہ کیا تھا۔