Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینہ منورہ اسلامی یونیورسٹی نے تارکین کی اولاد سے داخلہ درخواستیں طلب کرلیں

ریاض..... مدینہ منورہ اسلامی یونیورسٹی نے نئے تعلیمی سال 1439-40ھ کے دوران بی اے کیلئے تارکین وطن کی اولاد ، سعودی طلباءاور بیرون مملکت کے امیدواروں سے داخلے کی درخواستیں طلب کرلیں۔23شوال1439ھ تک آن لائن درخواستیں وصول کی جائیں گی۔ رات کو 11بجے آن لائن ایڈمیشن گیٹ بند کردیا جائیگا۔ اسلامی یونیورسٹی کے متعلقہ ادارے نے یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ الشریعہ، الدعوة و اصول الدین، القرآن الکریم اور اسلامی مطالعات، حدیث شریف اور اسلامک مطالعات، عربی زبان و ادب اور سائنس فیکلٹیز کے تیاری سال میں داخلے ہونگے۔ جامعہ میں فیکلٹی آف سائنس، فیکلٹی آف کمپیوٹر، ا نفارمیشن سسٹم اور انجینیئرنگ کالج قائم ہیں۔ جن میں داخلے سے قبل تیاری سال سے گزرنا پڑتا ہے۔ سعودیو ں کے داخلے کیلئے ثانوی سرٹیفکیٹ ہونا ضروری ہے۔ اس پر 5برس سے زیادہ نہ گزرے ہوں۔ صحت مند ہو۔ کسی بھی یونیورسٹی سے سرزنش کے تحت اخراج نہ ہوا ہو۔ القرآن الکریم کالج کے امیدواروںکیلئے مکمل قرآن کریم کا حافظ ہونا ضروری ہے۔ اندرون ملک سے اسکالر شپ کے امیدواروں کیلئے مذکورہ شرائط کےساتھ کچھ اورشرائط بھی ضروری ہیں۔ امیدوار کا اندرون ملک موثر اقامے پر ہونا ضروری ہے۔ عمر 17برس سے کم نہ ہو اور 25برس سے زیادہ نہ ہو۔ کفیل کی جانب سے نو آبجیکشن سرٹیفکٹ پیش کرے۔ اس سے قبل اس نے مملکت کے کسی بھی تعلیمی ادارے سے کوئی وظیفہ حاصل نہ کیا ہو۔ داخلہ درخواست آن لائن https://admission.iu.edu.sa/WelcomePortal.aspx پر پیش کی جائیگی۔ امیدوار اقامہ نمبر اور موبائل نمبر ایک سے زائد بار چیک کرلے کیونکہ رابطے کی بنیاد یہی بنے گا۔ نامزدگی کے اوقات 26شوال 1439ھ سے 4ذی قعدہ 1439ھ تک مقرر کئے گئے ہیں۔ امیدوار کو 48گھنٹے کے اندر منظوری یا نامنظوری سے مطلع کرنا ہوگا۔ امیدوار کی منظوری کے بعد 48گھنٹے کے اندر یونیورسٹی کے نمبر پر ایس ایم ایس بھیجا جائیگا۔ اگر کسی طالب علم نے متعلقہ مضمون میں داخلے سے انکار کیا تو ایسی صورت میں اس کا اس مضمون میں داخلے کا اختیار ختم ہوجائیگا۔ اسے داخلے کے دوسرے مرحلے میں امیدوار بننے کا اختیار ہوگا۔ داخلے کیلئے نظریاتی مضامین میں ثانویہ کے 50فیصد اور مہارتوں کے نمبر 50فیصد جوڑے جائیں گے جبکہ تیاری سال کے حوالے سے ثانوی کے 30فیصد اور مہارتوں کے امتحانوں کے 30فیصد اور استعداد کے نمبر 40فیصد جوڑے جائیں گے۔

شیئر: