سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ”عکاظ“ کا اداریہ
سعودی خواتین نے بالاخر اپنا پکا سچا حق وصول کر ہی لیا۔ سعودی عرب کی سیاسی قیاد ت نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر قیادت خواتین کے حوالے سے ایک اور کارنامہ انجام دیدیا۔ خواتین کو نئی قیادت کے مبارک عہد میں مختلف فتوحات حاصل ہوچکی ہیں۔ریاستی قلمدانوں سے لیکر مختلف عہدوں پر تقرری نیز سماجی زندگی میں موثر شراکت اور اب ڈرائیونگ کی اجازت وہ کامیابیاں ہیں جن سے سعودی خواتین محظوظ ہورہی ہیں۔
یہ سارے فیصلے اور یہ شاہی فرامین خارجی دنیا کے مسلمہ دائروں سے خارج نہیں ہیں۔ البتہ کسی نہ کسی سبب کے تحت سعودی خواتین طویل عرصے سے ان حقوق سے محروم چلی آرہی تھیں۔ شاہ سلمان نے الہامی عزم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی عظیم فراست اور مملکت کے مستقبل کے حوالے سے روشن تصور کی بنا پر رکاوٹ ڈالنے والے اسباب کو پس پشت ڈال کر خواتین کے حق میں اہم فیصلے کئے۔اب روشن دور شروع ہوچکا ہے۔ خود اعتمادی کا زمانہ آچکا ہے۔صالح فطرت کے مطابق زندگی گزارنے کا ارادہ عملی حیثیت اختیار کرچکا ہے۔ روشن دینی آگہی کے حوالے سے سماجی سوجھ بوجھ کا زمانہ شروع ہوچکا ہے۔
ہم کسی بلند بانگ دعوے کے بغیر یہ بات بلا خوف تردید کہہ سکتے ہیں کہ سعودی عرب روشن مسقبل کی جہت میں عظیم شاہراہ پر قدم رکھ چکا ہے۔