سماج واد اوربہوجن کی باتیں کرنیوالوں کو اقتدار کا لالچ ہے، مودی
سنت کبیر نگر ۔۔۔۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اترپردیش کے شہر سنت کبیر نگر میں کبیرداس کی موت کے 500سال مکمل ہونے پرمنعقدہ تقریب میں شرکت کے بعد کبیر اکیڈمی ریسرچ سینٹر کا سنگ بنیاد رکھا۔انہوں نے ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج میری برسوں کی دلی خواہش پوری ہوئی۔کبیر کے شہر مگہرآکر بہت خوشی ہوئی۔ واضح رہے کہ بی جے پی اس پروگرام کو 2019ء کے پارلیمانی الیکشن کی انتخابی مہم کے تناظر میں پیش کررہی ہے۔ 2014ء کے عام انتخابات میں وزیر اعظم مودی نے بنارس سے الیکشن لڑا تھا۔ اس وقت بی جے پی نے اپنی انتخابی مہم کا مرکز بنارس کو بنایا تھا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ سماج واد اور بہوجن کی باتیں کرنے والوں کو اقتدار کا لالچ ستا رہا ہے۔ ملک میں 43سال قبل ایمرجنسی نافذ کی گئی تھی۔اس وقت اقتدار کے لالچ میں ایمرجنسی نافذ کرنیوالے اور مخالفین ایک ساتھ جمع ہوگئے ہیں۔یہ معاشرے کو نہیں صرف اپنے خاندان کے مفادات دیکھتے ہیں۔وزیر اعظم مودی نے نام لئے بغیر ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ سابقہ حکومت کو غریبوں کی نہیں صرف بنگلے کی فکر ہے۔ ملک کی ترقی کا راز ’’سب کا ساتھ سب کا وکاس ‘‘میں مضمر ہے۔مودی نے کہا کہ کبیر داس نے معاشر ے کو صحیح راہ دکھانے کے علاوہ عوام میں بیداری بھی پیدا کی۔وہ مٹی سے اٹھے تھے اور آنکھوں کا تارا بن گئے۔وہ خیال بن کر آئے اور دلوں میں گھر کر گئے۔انکی زندگی کا مقصد سچائی کی تلاش اورراہ ہدایت کی تلقین تھی۔مگہر آکر خوشی ہوئی۔دریں اثناء وزیر اعلیٰ یوگی نے کہا کہ وزیر اعظم نے کسانوں کی تنخواہ بڑھانے اورفصلوں کی قیمتیں بروقت ادا کرنے کیلئے 100کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔مشرقی یوپی کی چینی ملیں اب ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔یوگی نے کہا کہ مشرقی یوپی کی تقدیر بدلنے کیلئے وزیر اعظم مختلف منصوبے شروع کریں گے۔علاقے میں 72لاکھ سے زائد ٹوائلٹس قائم کئے گئے۔12لاکھ سے زیادہ مکانات تعمیر کئے گئے۔