Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سی ایس ایس امتحانات: 92 فیصد طلبہ انگریزی میں فیل

اسلام آباد..قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکریٹریٹ کو بتایا گیا کہ سی ایس ایس کا امتحان دینے والے صرف 2 اعشاریہ 09 فیصد طلبہ کامیاب ہوسکے ۔92 فیصد انگریزی میں فیل ہوئے۔کمیٹی نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کو ایک ماہ میں امتحانات کی تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی۔اجلاس کے دوران فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی طرف سے بتایا گیا کہ رواں سال 9 ہزار 642 طلبہ نے امتحانات دیئے، جن میں سے صرف 202 کامیاب ہوسکے۔ چند سالوں سے ’سی ایس ایس‘ امتحانات کے نتائج خراب آرہے ہیں۔ 2014 میں 3.33 فیصد، 2015 میں 3.11 فیصد اور رواں سال صرف 2.09 فیصد طلبا نے اس امتحان میں کامیابی حاصل کی۔ یہ صورتحال تشویش کا باعث ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک میں تعلیم کا معیار گرتا جارہا ہے۔ طالب علموں میں سے زیادہ تر غیر ملکی یونیورسٹیوں اور ’اے‘ کٹیگری کی یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل تھے لیکن امتحانات میں بیٹھنے والے 92 فیصد ’انگریزی جبکہ 82 فیصد ’انگریزی مضمون نویسی‘ میں ناکام ہوئے۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ رواں سال سی ایس ایس کے امتحان میں کامیاب ہونے والے 114 کا پنجاب، 13 کا دیہی سندھ، 16 کا شہری سندھ، 8 کا خیبر پختونخوا، 4 کا بلوچستان، 4 کا آزاد جموں و کشمیر اور ایک کا گلگت بلتستان سے تعلق تھا۔اجلاس کے دوران تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے کہا کہ متحان کے نتائج یہ ظاہر کرتے ہیں کہ ملک کے تعلیمی نظام میں خرابیاں ہیں۔
 

شیئر: