15 دن میں32ٹیموں کے مابین48میچ کھیلے گئے
ماسکو:فیفا ورلڈ کپ کے ابتدائی راونڈ کے دوران 15دن میں32ٹیموں کے مابین 48میچ کھیلے گئے۔دوسرے راونڈ میں رسائی حاصل کرنے کے بعد انگلینڈ کے کوچ ساوتھ گیٹ نے کہا کہ کولمبیا کے خلاف ہمارا پری کوارٹر فائنل اس دہائی کا سب سے بڑا میچ ہوگا۔ ورلڈ کپ کے اس ناک آوٹ مرحلے میں اب کسی ٹیم کے پاس غلطی کی گنجائش نہیں ہوگی اور ناکامی کے ساتھ ہی ورلڈ کپ میں اس کا سفر بھی اختتام کو پہنچ جائے گا۔ناک آوٹ مرحلے میں شامل 16ٹیموں میں سے 8ٹیمیں کوارٹر فائنل راونڈ میں پہنچیں گی ۔4اور 5جولائی کو 2دن آرام کے بعد تازہ دم ٹیمیں 6اور 7جولائی کو کوارٹر فائنلز میچز کھیلیں گی جس کے نتیجے میں سیمی فائنل تک پہنچنے والی کامیاب ٹیمیں سامنے آجائیں گی ۔ 8اور 9جولائی کو 2دن کے آرام کے بعد 10اور11جولائی کو سیمی فائنلز کھیلے جائیں گے جبکہ 14جولائی کو تیسری اور چوتھی پوزیشن کا میچز ہوں گے ۔فیفا ورلڈ کپ 2018ءکا فائنل 15جولائی کو کھیلاجائے گا جس کے نتیجے میں جیتنے والی ٹیم ورلڈ چیمپیئن ٹرافی کی حقدار قرار پائے گی ۔