Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پرتگال، یوراگوئے کے ہاتھوں ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر

 
سوچی: یوراگوئے نے پرتگال کو 1-2گول سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ میں ٹرافی کے حصول کی دوڑ سے باہر نکال دیا۔ یوراگوئے نے گروپ اے میں اپنے تینوں میچ جیت کر 9پوائنٹس حاصل کئے اور ورلڈ کپ میں اپنی حیثیت ثابت کر دی تھی جبکہ کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم بمشکل 5پوائنٹس لے کر ناک آوٹ مرحلے میں داخل ہوئی تھی۔یوراگوئے کے اسٹرائیکرایڈنسن کاوانی نے دونوں گول کئے۔شائقین فٹبال کیلئے پرتگال کی شکست انتہائی حیران کن ہے کیونکہ پرتگال ورلڈ کپ کی فیورٹ ٹیموں میں تھی ۔سوچی میں کھیلے گئے پری کوارٹر فائنل میچ میں یوراگوئے نے شروع ہی سے پرتگال پر دباو بڑھائے رکھا اور میچ کے 7 ویں ہی منٹ میں ایڈنسن کاوانی نے ایک خوبصورت پاس پر گیند کو جال میں ڈال کر برتری حاصل کرلی۔دوسرے ہاف میں پرتگال کے کھلاڑیوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور 55 ویں منٹ میں پے پے نے کپتان رونالڈو کی مددسے عمدہ گول کرکے مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا۔پرتگال کی یہ خوشی زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی اور 62 ویں منٹ میں کاوانی نے ایک بار پھر شاندار گول کرکے یوراگوئے کی برتری1-2 کردی جو آخر تک برقرار رہی اور یوراگوئے نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ ورلڈ کپ میں اب دنیائے فٹبال کے 2 عظیم کھلاڑی لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو ایکشن میں نظر نہیں آئیں گے۔

شیئر: