پاکستانی کو قتل کرکے مملکت سے مفرور مصری قاہرہ میں چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا
قاہرہ .... سعودی عرب میں پاکستانی شہری کو قتل کرکے قاہرہ پہنچ جانے والے مصری شہری چوری کی واردات کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ اس واقعہ نے ثابت کردیا کہ مجرم کتنا ہی ہوشیار کیوں نہ ہو واردات کے بعد اپنا کوئی نہ کوئی نشانِ انجام میں چھوڑ ہی جاتا ہے۔ مصری قاتل نے ایک اور واردات کرکے اپنے سابقہ جرم پر خود کی گرفتاری کے اسباب بھی مہیا کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق قاہرہ کے السلام حلقے کے سراغر ساں گشت پر تھے۔ اچانک انہوں نے بچاﺅ ، بچاﺅ کی ندا سنی۔ فورا ً ہی وہ متوجہ ہوئے۔ وہ یہ دیکھ کر حیرت زدہ رہ گئے کہ ایک مقامی شہری دھار دار آلہ استعمال کرکے ایک ہموطن سے رکشہ چھیننے کی کوشش کررہا ہے۔ واردات کرنے والے کو گرفتار کرلیا گیا۔ اسکے جرائم کا ریکارڈ دیکھا گیا تو پتہ چلا کہ وہ پاکستانی کا قتل کرکے سعودی عرب سے مفرور ہے ۔فورا ً ہی اسکا معاملہ پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔ انٹرپول سے رابطہ کرکے وارداتی کے کوائف مہیا کردیئے گئے۔مصری نے 3جنوری 2018ءکو پاکستانی شہری کے قتل کی واردات کی تھی۔