بدنام زمانہ گینگسٹر جیل سے فرار
پیرس .... فرانس کا بدنام زمانہ گینگسٹر پیرس کی جیل سے اغوا شدہ ہیلی کاپٹر میں فرار ہوگیا۔ 46سالہ ریڈائن فیڈ نے اپنے ساتھیوں سے سازش کرکے ایک اغوا شدہ ہیلی کاپٹر جیل کے احاطے میں اتروایا اور پھر اپنے دوساتھیوں کے ساتھ فرار ہوا۔ اس نے یہ جیل دوسری مرتبہ توڑی۔ یہ سارا کام چند منٹوں میں انجام پایا۔ اسکے ساتھیوں نے وارڈن پر قابو پانے کیلئے دھویں کے بم پھینکے اور یوں یہ لوگ جیل سے فرار ہوئے۔پولیس حکا م کا کہناہے کہ اس کی تلاش بڑے پیمانے پر شروع کردی گئی ہے۔ پورے ملک میں تقریباًـ3ہزار پولیس افسران جگہ جگہ چھاپے مار رہے ہیں۔ لوگوں نے اس واقعہ پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے سوال کیا کہ آخر جیل توڑنے کا اتنا بڑا واقعہ کیسے پیش آیا۔ 2013ء میں بھی ریڈائن نے جیل میں ڈائنامائٹ لگا کر توڑ دی تھی اور فرار ہوگیا تھا تاہم چھ گھنٹے بعد ہی پکڑا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس کے ساتھیوں نے ایک خوفزدہ فلائٹ انسٹرکٹر کو پکڑا اور اس سے ہیلی کاپٹر جیل کے احاطے میں اتروایا۔ گارڈز نے اگرچہ ہیلی کاپٹر اترتے دیکھ لیا تھا لیکن اس ڈر سے فائرنگ نہیں کی کہ کہیں یہ ہیلی کاپٹر جیل کی عمارتوں پر نہ گر جائے۔ اسکے بعد ہیلی کاپٹر سے کالے کپڑے پہنے 2مسلح افراد اترے اور انہوں نے جیل کے وزیٹنگ روم میں جانے سے قبل دھویں کے بم چھوڑے۔ وہاں کھڑے وارڈن جو غیر مسلح تھے اپنی حفاظت کیلئے بھاگ گئے تاہم انہوں نے جیل کا الارم بجا دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ہیلی کاپٹر سے اترنے والے کلاشنکوفوں سے مسلح تھے اوروہ ریڈائن کو رہا کرنے کا مطالبہ کررہے تھے۔ بعد میں یہ ہیلی کاپٹر جیل سے 37میل دور پیرس کے نواحی علاقے سے مل گیا۔ پولیس کے ایک ذریعے نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر کا پائلٹ فلائٹ انسٹرکٹر اپنے ایک طالب علم کا انتظار کررہا تھا اورملزموں نے اسے ہیلی کاپٹر اڑانے پر مجبور کیا۔