آسٹریلین کپتان ایرون فنچ کے 172رنز ، زمبابوے کو 100رنز سے شکست
ہرارے:آسٹریلوی کرکٹ کپتان ایرون فنچ کی شاندا ر اورمار دھاڑسے بھرپور سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تیسرے اور اپنے دوسرے میچ میں میزبان زمبابوے کو 100رنزسے شکست دیدی۔ فنچ نے ساتھی اوپنر ڈی آرکی شارٹ کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی 223رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ قائم کی۔ فنچ10 چھکوں اور 16 چوکوں کی مدد سے 76 گیندوں پر 172 رنز بنا کر اس فارمیٹ میں دوسری سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے بیٹسمین بھی بن گئے، انہیں میں آف دی میچ قرار دیا گیا۔ دونوں اوپنرز اننگز کے آخری اوور میں آوٹ ہوئے تاہم اس وقت تک آسٹریلوی ٹیم بڑا ہدف دینے میں کامیاب ہو چکی تھی۔آرکی شارٹ42گیندوں پر46رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ ایرون فنچ ایک اور جارحانہ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وکٹوں سے ٹکراکر ہٹ وکٹ آوٹ ہوئے۔ آسٹریلیا نے مقررہ 20اوورز میں 2وکٹوں پر229رنز بنائے۔اس کی دونوں وکٹیں موزربانی نے حاصل کیں۔جوابی بیٹنگ میں زمبابوے کا کوئی بیٹسمین آسٹریلوی بولر کے سامنے زیادہ دیر نہیں ٹھہر سکا اور مقررہ اوورز میں9 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز ہی بنائے جا سکے۔اوپنرز سولومن مائر28اورچامو شیبابا 18جبکہ وکٹ کیپر پیٹر موور19رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔اینڈریو ٹائے نے3اور ایشٹن اگر نے 2وکٹیں لیں جبکہ پاکستانی بیٹنگ لائن کو تباہی سے دوچار کرنے والے بلی اسٹین لیک صرف ایک وکٹ لے سکے جس کےلئے انہوں نے 39رنز دیئے۔2میچوں میں 2فتوحات کے ساتھ آسٹریلیا کی ٹیم سیریز کے پوائنٹس ٹیبل پرپہلے نمبر پر بھی آگئی ہے۔