بھاشا اورمہمند ڈیم فوری بنانے کا حکم
اسلام آباد...سپریم کورٹ نے بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی فوری تعمیر کا حکم دیتے ہوئے وفاقی حکومت سے3 ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی۔بدھ کو چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے ڈیمز کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے ڈیموں کی تعمیر سے متعلق مختصر فیصلہ سنادیا۔سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو فوری طور پر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم تعمیر کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ حکومت 3 ہفتوں میں ڈیموں کی تعمیر شروع کرنے سے متعلق رپورٹ دے۔ ڈیموں کی تعمیر کیلئے سپریم کورٹ کے رجسٹرار کے نام ایک اکاونٹ بھی کھولا جائے گا۔ سپریم کورٹ نے قوم سے ڈیموں کی تعمیر کے لئے اس اکاو نٹ پیسہ جمع کرانے کی بھی اپیل کی۔اس سے قبل دوران سماعت سابق چیئرمین واپڈا شمس الملک نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ دنیا بھر میں 46 ہزار سے زائد ڈیمز بنے۔ ہند نے ساڑھے 4 ہزار ڈیمز اور چین نے 22 ڈیمز بنائے ۔ ورلڈ بینک اور کینیڈا مدد نہ کرتے تو پاکستان میں ایک ڈیم بھی نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ڈیموں کی شدید قلت ہے۔ڈیموں کی تعمیر پر فوری کام شروع ہونا چاہئے۔دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ پاکستان کو پانی کی قلت کاسامنا ہے۔ پانی کے بغیر ملک کی بقا مشکل ہوجائے گی۔ جنگی بنیادوں پر پانی کا مسئلہ حل نہ ہوا تو بحران شدید ہوجائے گا۔فوری طور پر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر شروع کی جائے۔ کالاباغ ڈیم پر بہت لوگوں کے اختلاف ہیں۔سب کا اتفاق ہو تو کالا باغ ڈیم بھی بن سکتا ہے۔