کراچی: فیکٹری میں لگی آگ بے قابو ہو گئی
جمعرات 5 جولائی 2018 3:00
کراچی: سائٹ کے علاقے میں فوم کی فیکٹری میں آتش زدگی قابو سے باہر ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق آگ بجھانے کی کارروائی میں شامل 5 اہل کار بھی زخمی ہو گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں واقع فوم کی ایک فیکٹری میں آگ صبح کے وقت لگی جس کی اطلاع ملتے ہی محکمہ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں تاہم فیکٹری میں فوم کی وجہ سے آگ نے شدت اختیار کرلی ہے۔آگ بجھانے والے محکمے فائر بریگیڈ کے حکام کا کہنا ہے کہ 13 گاڑیاں اور ایک اسنارکل امدادی کارروائی میں مصروف ہیں تاہم عمارت کے کئی حصے گر چکے ہیں، جس کے نتیجے میں 5 فائرفائٹرز زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔دوسری جانب پولیس اور رینجرز نے فیکٹری کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ واضح رہے کہ فیکٹری کے تمام ملازمین کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے اور کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔