طالبان مذاکرات کے موقع کا فائدہ اٹھائیں‘ دفتر خارجہ
جمعرات 5 جولائی 2018 3:00
اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان پڑوسی ملک افغانستان میں سیاسی بحران کے حل کا حامی ہے لیکن طالبان کو بات چیت کے لیے مذاکرات کی میز پر لانا صرف پاکستان ہی کی ذمے داری نہیں ہے۔ذرائع کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ پاکستان کئی مرتبہ واضح کر چکا ہے کہ افغانستان میں سیاسی استحکام کے حامی ہیں کیونکہ ہمیں یقین ہے کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم افغان صدر اشرف غنی کی بھی حمایت کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ طالبان قیام امن کے حالیہ موقع کا فائدہ اٹھائیں گے تاہم انہوں نے واضح کیا کہ طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانا صرف پاکستان ہی کی ذمے داری نہیں۔ترجمان کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت سے رواں ہفتے مزید 7 کشمیری شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ بھارت انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی پاسداری کرے اور ساتھ ہی عالمی برادری کو بھی چاہیے کہ وہ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا نوٹس لے ۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی برطانیہ میں سیاسی پناہ کے متعلق معلومات کا علم نہیں ہے ۔