ریاض میں پاکستان حج والنٹیئرزگروپ کا پہلا تربیتی ورکشاپ
رضاکاروں کی رجسٹریشن اور تربیت کا کام جاری ہے، اشتیاق احمد
ریاض ( ذکاءاللہ محسن ) پاکستان حج والنٹیرز گروپ ریاض چیپٹر کے زیر اہتمام پہلی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد نالج کور اکیڈمی میں کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں رضاکاروں نے شرکت کی، اس موقع پاکستان حج والنٹیرز گروپ ریاض چیپٹر کے کوآرڈینیٹر اشتیاق احمد نے کہا کہ حج رضاکار گروپ ہر سال سعودی عرب میں مقیم پاکستانی افراد کی تربیت کا اہتمام کرتا ہے اور پھر تربیت یافتہ رضاکاروں کو مکہ مکرمہ لے جا کر حج پر آئے ہوئے لاکھوں کی تعداد میں اللہ کے مہمانوں کی رہنمائی اور خدمت کا فریضہ سرانجام دیتا ہے۔ اس سال حجاج کی خدمت اور رہنمائی کیلئے رضاکاروں کی رجسٹریشن اور تربیت کا کام سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سمیت جدہ، دمام، مدینہ اور مکہ مکرمہ میں جاری ہے اور ہزاروں کی تعداد میں حج گروپ کے رضاکار ہر سال حجاج کی خدمت کا فریضہ انجام دیتے ہیں انہوں نے کہا کہ اس نیک کام کو جاری رکھنے کیلئے ہمیں سفارتخانہ پاکستان، پاکستان کونسلیٹ جدہ اور ڈئریکٹوریٹ آف حج پاکستان کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے خواہشمند افراد حج گروپ کی ویپ سائیٹ www.phvg.com پر رجسٹریشن کرائیں تاکہ ان کی تربیت اور انتخاب کا عمل مکمل کیا جا سکے۔