Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عدالت نواز شریف کے خاندان سے لوٹی ہوئی دولت واپس لائے، پاکبان

 اتنے کرپٹ رہنما کو 3مرتبہ وزیراعظم بنایا، قوم کو شکرانے کے نفل پڑھنے چاہئیں ، پاکستان میں کرپشن کی سزا موت ہونی چاہئے، حرمین شریفین میں سر جھکائے بیٹھنے والا اتنا کرپٹ تھا، ریاض کے تارکین کی آرائ
ریاض (جاوید اقبال) ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلے میں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو سزا ملنے پر ریاض میں مقیم پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد نے اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا ہے تاہم پی ایم ایل (ن) سے ہمدردی رکھنے والوں نے فیصلے کو غیر منصفانہ قرار دیا ہے۔ اردونیوز نے احتساب عدالت کے فیصلے کے بارے میں ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والوں سے رائے لی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) ریاض کے سینیئر مشیر ڈاکٹر محمود احمد باجوہ نے کہا کہ یہ فیصلہ متوقع تھا کیونکہ جج محمد بشیر پر یہ فیصلہ ٹھونسا گیا تھا۔ یہ متعصبانہ فیصلہ ہے اور اسکا بنیادی مقصد نواز شریف کو سیاسی عمل سے دور کرنا ہے۔ انٹرنیشنل کشمیر پریس کلب کے صدر سردار رزاق خان نے اس فیصلے کو سراہا لیکن انہوں نے واضح کیا کہ ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ اس فیصلے کو کالعدم کرکے مجرموں کو بری کردے گی۔ محنت کش طبقے نے اس فیصلے پر طمانیت کا اظہار کیا۔ دیربالا کے مزدور سلام حسین نے کہا کہ عدالت نے بالکل مناسب فیصلہ کیا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ عدالت کو یہیں پر نہیں رکنا چاہئے اور وہ ساری دولت واپس لانا چاہئے جو نواز شریف کا خاندان ملک سے لوٹ کر لے گیا ہے۔ سیالکوٹ کے شبیر حسین نے کہا کہ اس فیصلے نے ملک کی عدالتوں پر اعتماد بحال کردیا ہے۔ نواز شریف خانہ کعبہ اور مسجد نبوی شریف میں سر جھکائے بیٹھا رہتا تھا یقین نہیں آتا کہ ایسا کرپٹ شخص پاکستان میں ہوسکتا ہے۔ گجرات کے الیکٹریکل فورمین احسان اللہ نے کہاکہ اس فیصلے پر ساری قوم کو شکرانے کے نفل پڑھنے چاہئیں۔ مجرموں پر اب گرفت اور سخت ہوگی۔ سیالکوٹ کے کریانہ فروش خرم شہزاد نے کہا کہ یہ سوچ کر رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں کہ اتنے کرپٹ رہنما کو ہم نے مسلسل 3مرتبہ اپنا وزیراعظم بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سزا انتہائی مناسب ہے۔ تیمر گرہ، دیر کے دو محنت کشوں عنایت اللہ اور عبدالحمیدنے اس سزا کو ناکافی قرار دیا اور کہا کہ اگر پاکستان اسلامی جمہوریہ ہے تو اسلامی قانون کے مطابق ایسے کرپٹ رہنما کو سزائے موت ملنی چاہئے تھی۔ پاکستان انویسٹرز فورم کے سابق صدر محمد اصغر قریشی نے اس سزا پر اظہار مسرت کیا اور واضح کیا کہ ایون فیلڈ کا گھر نواز شریف کی کرپشن کا صرف 2فیصد ہے یہ صرف گلیشیئر کی نظر آنے والی چوٹی ہے۔ مخفی اتنا کچھ ہے جس کا اندازہ کوئی نہیں لگاسکتا۔ نعرے لگانے والے عوام تو معصوم ہیں ان کے علم میں نہیں کہ رہنما مجسم کرپشن ہیں۔ محمد اصغر قریشی نے کہا کہ عدالتوں اور نیب کو اپنا کام جاری رکھنا چاہئے تاکہ گند صاف ہوسکے۔

شیئر: