روس کو شکست، کروشیا سیمی فائنل میں پہنچ گیا
ماسکو: فیفاورلڈ کپ کے چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میں کروشیا کی ٹیم نے میزبان روس کو شکست دے کر 20سال بعد ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔کوارٹر فائنل میں روس نے میچ کے 31ویں منٹ میں گول کر کے برتری حاصل کی لیکن 8منٹ بعد آندرے کرامیرچ نے کروشیا کیلئے گول کر کے مقابلہ برابر کردیا۔پہلے ہاف کے اختتام تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا۔میچ کے دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان گول کرنے کی تگ و دو جاری رہی لیکن دونوں ٹیمیں کوئی فائدہ نہ اٹھا سکیں اور انتہائی کوشش کے باوجود کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی۔مقررہ وقت میں مقابلہ1-1سے برابر رہنے کے بعد اضافی 30 منٹ میں میچ نتیجہ خیز بنانے کی جنگ جاری رہی۔ فاضل وقت کے 15منٹ پر مشتمل پہلے ہاف میں کروشیا کی ٹیم گول اسکور کرنے میں کامیاب رہی اور میچ کے 100ویں منٹ میں ڈوماگو ویدا نے گول کر کے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلادی۔ دوسرے ہاف کے اختتام سے 5منٹ قبل ماریو فرنینڈس نے خوبصورت گول کر کے مقابلہ پھر برابر کردیا۔جس کے بعد فیصلہ پینالٹی ککس پر چلا گیا۔پینالٹی ککس پر روس کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا اور پہلی پینالٹی کو کروشیا کے گول کیپر نے روک لیا جبکہ مارسیلو بروزووچ نے گول کر کے کروشیا کو برتری دلا دی۔ایلن زیگیوو نے روس کے لیے دوسری پینالٹی پر گول کیا لیکن کروشیا کے ماٹیو کوواچچ گول کرنے میں ناکام رہے اور مقابلہ 1-1 سے برابر ہو گیا۔تاہم اضافی وقت میں روس کے لیے گول کرنے والے ماریو فرنینڈس تیسری پینالٹی پر گول کرنے میں ناکام رہے جبکہ کروشیا کے لوکا موڈرچ نے گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری 1-2 کردی۔اس کے بعد اگلی دونوں پینالٹیز پر روس کی جانب سے گول اسکور کیا گیا لیکن دوسری جانب کروشیا نے بھی گول اسکور کر کے 3-4 کی برتری کے ساتھ پینالٹی ککس پر کامیابی حاصل کی۔اس کامیابی کے ساتھ ہی کروشیا کی ٹیم نے 20سال بعد فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ 10جولائی کو پہلے سیمی فائنل میں بیلجیئم اور فرانس کی ٹیمیں ٹکرائیں گی جبکہ دوسرا سیمی فائنل 11 جولائی کو کروشیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔کروشیا کے لوکا موڈرک عمدہ کھیل کے باعث مین آف دی میچ رہے۔