داخلی عازمین یکم ذیقعدہ سے آن لائن درخواستیں پیش کریں، وزارت حج
مکہ مکرمہ.... سعودی وزارت حج و عمرہ نے اندرون مملکت سے فریضہ حج کی سعادت کے خواہشمند سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی یکم ذیقعدہ سے آن لائن درخواستیں پیش کریں۔ یہ داخلی معلمین کے اداروں اور کمپنیوں میں عملی اندراج کے مترادف ہوگا۔ وزارت حج نے بتایاکہ اندراج حج کے تینوں پیکیجوں کیلئے ہوگا۔ ان میں سے پہلا جنرل پروگرام (برنامج عام) ، دوسرا کم لاگت والا حج (منخفض التکلفة) ، تیسرا آسان حج (الحج المیسر) ہیں۔ 93 فیصد کا اندراج ہوگا جبکہ ہر داخلی معلم کو 7 فیصد کے اندراج کا خصوصی حق دیا جائے گا۔ دریں اثناء سعودی وزارت حج و عمرہ نے داخلی معلمین کو (VIP) پیکیج کے اجراءکے نتائج سے خبردار کردیا۔ وزارت نے واضح کیا ہے کہ حج پیکیج کے اشتہارات میں مبالغہ آرائی سے کام نہ لیا جائے۔ خصوصی خدمات پروگرام اور وی آئی پی پیکیج کا تاثر نہ دیا جائے۔ اشتہارات میں داخلی معلم کا حقیقی نام ہی استعمال کیا جائے۔ اشتہار دیتے وقت اجازت نامے کا نمبر ضرور تحریر کیا جائے۔ داخلی معلمین پر یہ پابندی بھی لگائی گئی ہے کہ وہ منیٰ میں اپنا پتہ بھی تحریر کریں۔ وزارت نے منیٰ کے خیمے حج موسم ختم ہوتے ہی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے حوالے کر دیئے تھے۔