نبرزینی ، تاتارستان.... روسی جمہوریہ تاتارستان کے شہر نبرزینی میں میاں بیوی میں علیحدگی کے بعد بچی کو تحویل میں رکھنے کا معاملہ عدالت تک جاپہنچا تھا اور کئی سماعتوں کے بعد اس مسئلے کا کوئی حل نہ نکلا تو باپ نے کسی بھی صورت میں اپنی بیٹی کو حاصل کرنے کا منصوبہ بنایا اور اس کی تاک میں لگا رہا۔ آخر ایک دن اسے یہ موقع مل گیا۔ اس نے دیکھا کہ اس کی بیٹی اپنی ماں کی کار میں بیٹھی ہے اور ماں کار کا دروازہ بند کرکے کہیں گئی ہوئی ہے۔ اسی صورتحال نے اسکا حوصلہ بڑھایا او راس نے بیٹی کو زبردستی اپنے ساتھ لیجانے کیلئے کار پر تابڑ توڑ حملے شروع کرکے شیشے توڑ دیئے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ دونوں میاں بیوی میں عرصے سے بیٹی کو اپنی تحویل میں لینے کا جھگڑا چل رہا تھا۔ برہم شوہر کے جارحانہ حملے سے گاڑی کو اچھا خاصا نقصان پہنچا۔ موقع کی جو وڈیو تیار ہوئی ہے اس میں کار کے اندر بیٹھی بچی بھی چیختی سنائی دیتی ہے۔ لوگوں کے جمع ہونے سے قبل ہی ملزم اپنی بیٹی کو لیکر وہاں سے چلتا بنا۔ پولیس اس کی تلاش کررہی ہے تاہم پولیس کاکہناہے کہ بچی کی ماں کی جانب سے اسے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔