ومبلڈن اوپن : نڈال کی 7 برس بعد کوارٹر فائنل تک رسائی
لندن : رافیل نڈال، نوواک ڈوکووچ، جان اسنر، کائی نیشیکوری اور کیون اینڈرسن فتوحات برقرار رکھتے ہوئے سال کے تیسرے گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ ومبلڈن اوپن مینز سنگلز کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ نڈال نے 7 برس بعد ومبلڈن اوپن کوارٹر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے آخری مرتبہ 2011ءمیں میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ لندن میں جاری میگا ایونٹ میں کھیلے گئے مینز سنگلز پری کوارٹر فائنلز میں ہسپانوی ا سٹار اور ورلڈ نمبر ون رافیل نڈال نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف جمہوریہ چیک کے کھلاڑی جیری ویسلے کو 6-3، 6-3 اور 6-4 سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔ سربین ا سٹار اور سابق عالمی نمبر ایک نوواک ڈوکووچ بھی پری کوارٹر فائنل رکاوٹ عبور کرنے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے روسی کھلاڑی خچانووف کو شکست فاش سے دوچار کیا۔ جاپان کے کائی نیشیکوری نے گلبس کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔ جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن بھی پری کوارٹر فائنل میں سرخرو رہے۔ انہوں نے فرانس کے جائلز مونفلس کو زیر کیا۔ امریکہ کے جان اسنر نے ٹسی سیپاس کو ہرا کر کوارٹر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔