طلال چوہدری کےخلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ
اسلام آباد... سپریم کورٹ نے مسلم لیگ(ن)کے رہنما طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔ فیصلے کے دن طلال چوہدری کو عدالت میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں3 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ طلال چوہدری کے کامران مرتضی نے موقف اختیار کیا کہ جس مواد پر چیف جسٹس نے ازخود نوٹس لیا۔ اس میں طلال چوہدری نے کہا کہ عدالتی مینڈیٹ کی توہین سب سے بڑی توہین ہے۔اس پر جسٹس گلزار نے ریمارکس د ئیے کہ عدالت نے 2 تقاریر پر توہین عدالت کی کاروائی شروع کی۔ آپ کس دستاویزات کی بات کر رہے ہیں ہمیں معلوم نہیں یہ دستاویز کہاں سے آئیں۔ وکیل طلال چوہدری نے توہین عدالت کیس میں سزا کا سامنا کرنے والے نہال ہاشمی کا ذکر کیا اور کہا کہ توہین عدالت کی سزا کاٹنے کے بعد نہال ہاشمی نے جو الفاظ استعمال کئے وہ انتہائی غیر مناسب تھے لیکن اس کے باوجود عدالت نے بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں معاف کردیا۔