Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان ٹیم کی زمبابوے کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے پریکٹس

ہرارے: پاکستان کرکٹ ٹیم نے زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز کی تیاریاں شروع کر دیں۔میزبان بورڈ کے مبینہ مالی مسائل اور بعض ذرائع کے مطابق سیکیورٹی خطرات کی وجہ سے ٹیم کی بولاوایو روانگی ملتوی ہونے کے بعد پاکستانی کرکٹرز نے ہرارے میں ہی پریکٹس سیشنز کا آغاز کردیا ۔وارم اپ اور فیلڈنگ ڈرلز کے بعد کھلاڑیوں نے نیٹ میں بیٹنگ اور بولنگ کرتے ہوئے صلاحیتوں کو نکھارنے کا سلسلہ جاری رکھا۔اس دوران پاکستان سے ہرارے پہنچ کر ون ڈے اسکواڈ کو جوائن کرنے والے کرکٹرز خاص طور پر کوچز کی توجہ کا مرکز بنے۔ایک نیٹ پر جنید خان اور دوسرے پر یاسر شاہ نے طویل بولنگ سیشن کیا۔ بولنگ کوچ اظہر محمود دونوں کی نگرانی کرتے ہوئے اچھی گیندوں پر انہیں داد بھی دیتے رہے۔فہیم اشرف، حسن علی اور عثمان شنواری نے بھی لائن اور لینتھ بہتر بنانے کیلئے کوچ کی نگرانی میں کام کیا۔ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے ون ڈے سیریز کے لئے زمبابوے پہنچنے والے بیٹسمینوں بابر اعظم اور امام الحق کی پریکٹس کا بغور جائزہ لیتے ہوئے انھیں کارکردگی بہتر بنانے کیلئے مشورے دیے۔ دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی سیریز کے ہیرو فخرزمان نے جارحانہ اسٹروکس کھیلنے کی مشق جاری رکھی۔کپتان سرفراز احمد نے الگ وکٹ کیپنگ پریکٹس کے دوران اسٹمپڈ کے لئے مہارت بہتر بنانے کے لیے بھی کام کیا جبکہ بعد ازاں طویل بیٹنگ سیشن بھی کیا۔شعیب ملک نے آل راونڈر کے طور پر اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے مشق جاری رکھی۔شاداب خان بھی نیٹ میں بولنگ کے بعد پراعتماد بیٹنگ کرتے نظر آئے۔ بیٹسمین تیزی سے سنگلز بنانے کی پریکٹس بھی کرتے رہے۔یاد رہے کہ انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں انجری کے بعد مسلسل باہر رہنے والے بابر اعظم کی ٹیم اور فارم میں واپسی دونوں اہمیت کی حامل ہوں گی۔ادھر زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز عالمی رینکنگ میں پاکستانی ٹیم کی پانچویں پوزیشن کے حوالے سے بھی اہم ہو گی اور یہ پوزیشن برقرار رکھنے کے لئے زمبابوے کیخلاف اس سیریز میں کم ازکم1-4سے فتح حاصل کرنا ہوگی۔رواں ماہ 7ٹیمیں ون ڈے سیریز کھیلنے میں مصروف ہوں گی جس کے نتیجے میں رینکنگ میں بڑی تبدیلیوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔ اس وقت انگلینڈ 126پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، اس کے بعد ہند، جنوبی افریقہ ، نیوزی لینڈ ، پاکستان ، آسٹریلیا ، بنگلہ دیش ، سری لنکا ، ویسٹ انڈیز افغانستان کا نمبر ہے۔ پاکستان کو پانچویں پوزیشن سے تنزلی سے بچنے کیلئے بڑے فرق سے جیتنا ہوگا۔ ہند انگلینڈ کو 3صفرسے ہراتے ہوئے دوبارہ ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہوسکتا ہے۔جنوبی افریقہ کو تیسری پوزیشن بچانے کیلئے سری لنکا کو کلین سوئپ کرنا ہوگا۔بنگلہ دیش، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کیلئے بھی اپنی پوزیشن بہتر بنانے کا موقع ہوگا۔

شیئر: