پانی کی بندش کے خلاف خواتین سڑکوں پر
جمعرات 12 جولائی 2018 3:00
حب: پانی کی بندش کے خلاف گڈانی میں سیکڑوں خواتین گھروں سے نکلنے پر مجبور ہو گئیں۔ ذرائع کے مطابق پانی کی فراہمی کی بندش کے خلاف خواتین سڑکوں پر نکل آئیں اور انہوں نے قومی شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک بلاک کردیا۔ گڈانی میں قومی شاہراہ پر سیکڑوں خواتین نے قومی شاہراہ پر دھرنا دے دیا اور سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا جس کی وجہ سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ گزشتہ روز ہونے والے احتجاج میں شامل مظاہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ 4 ماہ سے گڈانی میں پانی کی فراہمی بند ہے اور قلت آب کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ احتجاج کرنے والے افراد کا کہنا تھا کہ انتخابات میں ووٹ ڈالنا پانی کی فراہمی سے مشروط ہوگا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اس وقت تک وہ کسی کو ووٹ نہیں دیں گے جب تک متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی بحال نہیں کی جاتی۔ بعد ازاں مقامی انتظامیہ کی جانب سے مذاکرات اور مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا اور قومی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔