لاہور میں دفعہ 144 نافذ‘ سڑکوں پر کنٹینر کھڑے کردیے گئے
جمعرات 12 جولائی 2018 3:00
لاہور: مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی جمعہ کی شام لاہور آمد کے موقع پر کارکنوں کو ائرپورٹ جانے سے روکنے کے لیے پولیس کی جانب سے مختلف شاہراہوں پر کنٹینرز کھڑے کردیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے شہر میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔
لیگی کارکنوں کو قیادت کا استقبال کرنے سے روکنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے نئی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے گزشتہ رات سے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا تھا جس کے بعد چھاپا مارکارروائیوں میں کوئی افراد کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے جبکہ دوسری جانب ائرپورٹ کی جانب جانے والی اہم شاہراہوں پر کنٹینرز کھڑے کردیے گئے ہیں۔
مال روڈ، مزنگ، جاتی امرا اور دیگر سڑکوں پر کنٹینر رکھے گئے ہیں۔ لیگی کارکنوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ کنٹینرز رات گئے اہم علاقوں میں رکھ کر راستے بند کر دیے جائیں گے ۔ کنٹینرز ڈرائیور کے مطابق ان کے کنٹینرز ائرپورٹ کی طرف جانے والے راستوں کو سیل کرنے کے لیے استعمال کیا جانا ہے ، اس لیے انہیں گزشتہ رات سے روکا گیا ہے ۔