دہلی سمیت6ریاستوں سے14جولائی سے عازمین حج کی روانگی
جمعرات 12 جولائی 2018 3:00
نئی دہلی۔۔۔۔۔ریاستی حج کمیٹی دہلی کی اطلاع کے مطابق اندرا گاندھی انٹر نیشنل ٹرمینل 2سے دہلی ، اتر پردیش، ہریانہ، ہماچل پردیش، چنڈی گڑھ ، پنجاب اور جموں وکشمیر کے عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ 14جولائی 2018سے شروع ہوگا۔ریاستی حج کمیٹی نے عازمین حج کے عارضی قیام کیلئے دہلی کے رام لیلامیدان اور مسجد و فیض الٰہی میں تمام ضروری سہولتوں سے آراستہ کیمپ نصب کردیئے ہیں۔جمعرات 8بجے شب حمد و نعت اور اسلامی تاریخ و روایات کے موضوع پر مشتمل نظمیہ مشاعرے سے کیمپ کا افتتاح ہوگا۔تقریب میں دہلی حکومت کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا مہمان خصوصی ہونگے۔ کیلاش گہلوت مشاعرے کی شمع افروزی کرینگے جبکہ مہمان اعزازی محبوب علی قیصر رکن پارلیمنٹ و چیئرمین حج کمیٹی آف انڈیا ہونگے مشاعرے کی صدارت دہلی کے بزرگ شاعر و قار مانوی کرینگے۔افتتاحی کلمات پروفیسر شہپر رسول وائس چیئرمین دہلی اردو اکیڈمی پیش کرینگے ۔نظامت کے فرائض معین شاداب انجام دینگے۔واضح ہو کہ امسال دہلی ہوائی اڈے سے تقریباً20 ہزارعازمین 48پروازوں کے ذریعے سفر حج پر روانہ ہونگے ۔ روانگی کا سلسلہ 14سے 28جولائی تک جاری رہے گا۔