سیاٹل ..... کہتے ہیں کہ شوق کا کوئی مول نہیں۔ کسی بھی شوق سے انسان متاثر ہوجائے تو وہ کچھ بھی کرسکتا ہے کیونکہ شوق کی تکمیل بہت پیاری ہوتی ہے۔ ایسا ہی کچھ یہاں رہنے والی ایک فیملی نے کر دکھایا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 5افراد پر مشتمل کنبہ گزشتہ 10برس سے کھلے سمندر میں زندگی گزار رہا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ بیہان اور جیمی اپنے تینوں بچوں سمیت دنیا کی سیر پر نکلے اور اسکے لئے انتہائی بڑی تنخواہ اور مراعات و الی ملازمت بھی چھوڑ دی۔ یہ کنبہ 2008ءمیں اپنے شوق کی تکمیل کیلئے کشتی میں سوار ہوا اور گزشتہ 10سال سے کھلے سمندر میں رہ رہا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ بیہان اور جیمی کو دنیا دیکھنے کا بیحد شوق تھا اسی لئے انہوں نے اس مہم کا انتخاب کیا جس کے دوران انہوں نے 48ممالک کی سیاحت کی اور مجموعی طور پر 58ہزار میل کا سفر کیا۔ اس طویل عرصے میں بچوں کی تعلیم متاثر ہوسکتی تھی لیکن بیہان اور جیمی نے کشتی میں ہی انکی ہوم اسکولنگ کا انتظام کیا مگر اب بڑا بیٹا نیال جو 19سال کا ہے کشتی سے اتر کر زمین پر قدم رکھنے والا ہے اور اسکا ارادہ ہے کہ وہ امریکہ جائے اور وہاں معاشیات کی تعلیم حاصل کرے اورفرانسیسی زبان بھی سیکھے۔ جس وقت یہ کنبہ اپنے سفر پر روانہ ہوا تھا ،اس وقت انہیں اندازہ نہیں تھا کہ اتنے طویل عرصے تک وہ سمندر میں زندگی گزار سکیں گے۔ جوڑے نے چھوٹی بیٹی میرین کی پیدائش کے فوری بعد ہی اس سفر کا فیصلہ کیا تھا۔ اس دوران جیمی کی والدہ سرطان میں مبتلا ہوکر فو ت ہوچکی تھیں۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق ان لوگوں نے سمندر میں رہنے کا ارادہ ترک نہیں کیا ۔انہوں نے اپنے بڑے بیٹے کو کالج میں داخل کروانے اور اسکی ضروریات کا انتظام کرنے کیلئے سیاٹل میں ٹھہرنے کا فیصلہ کیا ہے۔