ومبلڈن:نوواک ڈوکوچ نے چوتھا ٹائٹل جیت لیا
لندن:سربیا کے سابق عالمی نمبر ون نوواک ڈوکوچ نے جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن کو ومبلڈن فائنل میں باآسانی شکست دے کر 2 سال بعد پہلا گرینڈ سلام ٹائٹل جیت لیا۔ اسٹریٹ سیٹس میں 6-2 6-2 7-6 (7-3) سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد ڈکووچ کے کیرئیر کا یہ چوتھا ومبلڈن اور مجموعی طور پر 13واں گرینڈ سلام ٹائٹل ہے۔پہلے2 سیٹس میں انھوں نے آسانی سے سبقت حاصل کر لی لیکن تیسرے سیٹ میں کیون اینڈرسن نے انھیں ٹکر کا مقابلہ دیا اور مقابلہ ٹائی بریک تک گیا۔اس ٹورنامنٹ میں جیت کے بعد اب وہ مجموعی طور پر سب سے زیادہ گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے والوں کی فہرست میں چوتھی پوزیشن پر آگئے ہیں۔ان سے آگے امریکہ کے پیٹ سمپراس ہیں جنھوں نے 14 ٹائٹل جیتے ہیں، ان کے بعد اسپین کے رافیل نڈال 17 کے ساتھ اور سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر 20 کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہیں۔سیمی فائنل میں ڈوکووچ نے رافیل نڈال کو 5 گھنٹے سے زیادہ جاری رہنے والے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہرایا تھا۔اس سے سے قبل ان کے مدمقابل کیون اینڈرسن نے کوارٹر فائنل میں فیڈرر کو 4گھنٹے اور پھر سیمی فائنل میں ساڑھے 6 گھنٹے کے مقابلے کے بعد امریکہ کے جان ازنر کو شکست دی تھی۔ یہ اینڈرسن کے کیریئر کا دوسرا گرینڈ سلام فائنل تھا۔ پچھلے سال انھیں یو ایس اوپن میں رافیل نڈال نے شکست دی تھی۔ اس جیت کے ساتھ ڈوکووچ اب دنیا کے10 بہترین کھلاڑیوں کی فہرست میں واپس آجائیں گے۔