بہار میں رکن اسمبلی کے گھر پربموں کا حملہ ناکام
مظفر پور۔۔۔بہار کے مظفرپور میں واقع کانٹی کے رکن اسمبلی اشوک چودھری کی رہائش کے مین گیٹ پر موٹر سائیکل سوار جرائم پیشہ عناصر 7بم پھینک کر فرار ہوگئے۔ اتفاقاً بم پھٹنے سے رہ گئے اور بڑا حملہ ناکام ہوگیا۔اس واقعہ سے علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق رات گئے اشوک کے مکان کے گیٹ پر بم سے بھرا تھیلا اس وقت پھینکا گیاجب رکن اسمبلی شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے گئے ہوئے تھے۔ بم کی اطلاع ملتے ہی فوراً مکان پر پہنچ کر پولیس کو مطلع کیا۔ پولیس اوربم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچی۔اسکواڈ نے بموں کو ناکارہ بنادیا۔ پولیس نے نامعلوم افراد کیخلاف روپورٹ درج کرکے شرپسند عناصرکی گرفتاری کی کارروائی شروع کردی۔