Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گجرات سے کیرالا تک بارش ، نظام زندگی درہم برہم

احمد آباد، کوچی، نئی دہلی۔۔۔ملک کی مختلف ریاستوں میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ ریاست کیرالا اور گجرات میں بارش نے زبردست تباہی مچائی ۔ممبئی کے بعد اب مہاراشٹر کے پہاڑی علاقوں میں بارش جاری ہے۔جنو ب مشرقی ریاستوں اترا کھنڈ میں شدید بارش سے چٹانیں گرنے سے چاردھام جانے والے سیاحوں کو روک دیا گیا۔
گجرات:
گجرات کے ضلع امریلی اور سومناتھ کے 4اضلاع شدید بارش اور سیلاب میں گھر گئے ۔ امدادی ٹیموں کے افسران نے بتایا کہ ضلع نوساری  میں365افراد ،امریلی میں 50اور سورت کے اولپیڈ میں 85افراد سمیت سیکڑوں لوگوں کو سیلاب سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔علاقے میں تعینات نیشنل ڈیزاسٹر ریلیف فورس( این ڈی آر ایف ) کے اہلکاروں نے پانی میں پھنسی ٹرین سے 70مسافروں کونکالا ، علاقے میں فضائی امدادی ٹیم کو الرٹ کردیا گیا ۔وزیر اعلیٰ روپانی نے سیلاب سے نمٹنے کیلئے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا محکمہ موسمیات نے گجرات میں شدید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ریاست کے 33اضلاع میں سے 32میں بارش جاری ہے۔این ڈی آر ایف اور فضائیہ کی 15ٹیمیں تعینات کردی گئیں۔
مہاراشٹر:
ممبئی کے ساحلی اضلاع کے بعد اب پہاڑی اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ مہا بلیشورمیں 300ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔ لونا والا، کھنڈالا میں 290ملی میٹررائے گڑھ 260 ملی میٹربارش درج کی گئی۔
اوڈیشہ:
اوڈیشہ میں میں مسلسل بارش کی وجہ سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔نشیبی علاقے بارش کا پانی  جمع ہے اور سڑکیں جھیل کا منظر پیش کررہے ہیں۔ریاست کے 12اضلاع میں 50ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ کالا ہانڈی اور نوپاڑہ میں سب سے زیادہ بارش ہوئی۔اوڈیشہ کے دارالحکومت بھونیشور، کٹک، اور پوری بارش کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔
کیرالا:
ریاست کیرالا کے مختلف علاقوں میں شدید بارش  سے مرنیوالوں کی تعداد 13ہوگئی ۔ ٹریفک نظام معطل ہوکر رہ گیا۔ملا پورم اور کوٹیم میں 2افراد پانی میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔متعدد علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی ہے۔بارش کے باعث64مکانات کو نقصان پہنچا ۔
اترا کھنڈ:
اترا کھنڈ کے چمولی میں طوفانی بارش سے متعدد مکانات ، دکانیں اور گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔ایک خاتون برساتی نالے میں ڈوب کر ہلاک جبکہ 15دکانیں تباہ ہوگئیں۔چٹانیں گرنے سے آمدورفت کے راستے بند ہوگئے۔
راجستھان:
راجستھان کے مشرقی علاقوں میں موسلا دھاراور دیگر مقامات پر ہلکی پھلکی بارش ہوئی ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں ریاست میں شدید بارش کا امکان ہے۔
دہلی:
دہلی میں شدید بارش کی وجہ سے کناٹ پیلس کوسینٹرل برج سے جوڑنے والا منٹو برج تالاب میں تبدیل ہوگیا۔لوگوں کو آمدورفت میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ میونسپلٹی کے اہلکار اور امدادی ٹیمیں نکاسی آب کے ذرائع استعمال کرکے حالات معمول پر لانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

شیئر: