Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریٹائر شخص انفرادی بنیاد پر میڈیکل انشورنس نہیں کراسکتا

جدہ .... انشورنس کمپنیوں نے معمر افراد کو میڈیکل پیکیج فراہم کرنے سے معذرت کرلی۔ ایسے لوگ جن کی عمریں 70برس سے تجاوز کر گئی ہیں انہیں میڈیکل انشورنس پیکیج دینے میں آنا کانی کی جارہی ہے۔ ان سے ایسے مطالبات کئے جارہے ہیں جنہیں پورا کرنا محال ہے۔ بعض معمر افراد نے میڈیکل انشورنس کے لئے کمپنیوں سے رجوع کیا تو انہوں نے شرط لگائی کہ میڈیکل رپورٹیں پیش کی جائیں اس کے بعد ہی انشورنس پیکیج کی رقم مقرر کی جائیگی۔ عکاظ اخبار نے اسکی اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ انشورنس کمپنیوں کے نمائندوں نے 70برس سے زائد عمر کے لوگوں کو میڈیکل انشورنس طلب کرنے پر ایسی شرائط پیش کردیں جنہیں پورا کرنا محال ہے۔ بعض کمپنیوں نے 66برس سے زیادہ عمر کے لوگوں کیلئے پیکیج کی رقم 549فیصد بڑھا دی۔ انشورنس کمپنیوں کے ترجمان عادل العیسیٰ نے واضح کیا کہ کمپنیاں نجی اداروں کے ملازمین کو انکے اہل خانہ کو میڈیکل انشورنس پیکیج جاری کرنے کی پابند ہیں۔ اس سلسلے میں عمر کی کوئی شرط نہیں۔میڈیکل انشورنس کمپنیوں کے ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ وہ 66برس سے زیادہ عمر کے لوگوں اور 70برس سے زیادہ عمر کے افراد کے میڈیکل انشورنس سے اسلئے کترا رہی ہیں کیونکہ انکے علاج کی لاگت بہت زیادہ ہے۔ ایک شخص سے میڈیکل انشورنس کی فیس 14ہزار ریال طلب کی جارہی ہے جبکہ 56برس کی عمر والے کو 1850ریال میں میڈیکل انشورنس فراہم کیا جارہا ہے۔ عکاظ اخبار نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا ہے کہ بعض کمپنیاں سن رسیدہ افراد کو غیر مشروط میڈیکل انشورنس فراہم کررہی ہیں۔ البتہ یہ کمپنیاں 30برس سے زیادہ عمر کے افراد کو مختلف پیکیج دے رہی ہیں ۔ جتنی زیادہ عمر ہوتی ہے اسی تناسب سے پیکیج کی رقم بڑھا دی جاتی ہے۔ کئی کمپنیوں کا کہناہے کہ مختلف عمر کے افراد کو ایک انشورنس گروپ میں شامل نہیں کیا جاسکتا۔ جہاں تک مقیم غیر ملکیوں کا تعلق ہے تو ان کی میڈیکل انشورنس فیس خود انکا ادارہ ادا کرتا ہے۔ انشورنس امور کے ماہر زیاد القاسم نے کہاکہ کمپنیاں میڈیکل پیکیج جاری کرتے وقت اس بات کا دھیا ن رکھتی ہیں کہ انشورنس کرانے والا برسر روزگار ہے یا نہیں۔ یہ کمپنیاں نجی اداروں کے تمام ملازمین کو ان کی تعداد 1500ہو یا 3ہو میڈیکل پیکیج جاری کرنے کی پابند ہیں۔ یہ کمپنیاں عام افراد کو میڈیکل انشورنس جاری نہیں کرتیں لہذا ریٹائر شخص انفرادی بنیاد پر میڈیکل انشورنس نہیں کراسکتا۔ اسے کسی چھوٹے بڑے گروپ میں شامل ہوکر انشورنس کی سہولت حاصل ہوسکے گی۔
 

شیئر: