سینیٹ اجلاس میں شدید گرما گرمی‘ استعفوں کا مطالبہ
اسلام آباد: سینیٹ کے اجلاس میں ارکان پارلیمان کی جانب سے انتخابات اور نگراں حکومتوں پر شدید تنقید کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب حسن عسکری کے استعفے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق سینیٹ اجلاس میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے سینیٹرز نے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور نگراں حکومت پر شدید تنقید کی ہے۔ پیپلز پاڑٹی کے رضا ربانی نے سینیٹ اجلاس میں کہا کہ ن لیگ کے کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے، اس طرح سے الیکشن کو شفاف کیسے کہا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج کے اہل کاروں کو پولنگ استیشن کے اندر تعینات کیوں کیا جر اہے ہے۔ اگر اس صورت حال میں انتخابات میں دھاندلی ہوئی تو اس کے نتائج سنگین ہوں گے اور سب کو بھگتنا پڑیں گے۔ رضا ربانی نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کو اس جانب توجہ دینا ہوگی کہ ملک کی دو بڑی جماعتوں کو ہدف بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن پر الزام لگایا کہ دونوں آئینی ذمے داری پوری کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ پوزیشن لیڈر شیری رحمان نے کہا کہ حالات بہتر نظر نہیں آ رہے۔ انتخابات اور ملک دو راہے پر کھڑے ہیں، نگراں صوبائی وزیر داخلہ پنجاب کو فوری استعفا دے دینا چاہیے۔ ن لیگ کے سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ نگران حکومت جواب دے کسی کے ساتھ لاڈلے اور کسی کے ساتھ سوتیلوں والا سلوک کیا جارہا ہے۔ کل ہی احتساب عدالت نے عمران خان کو ہیلی کاپٹر کیس میں استثنا دیا، اگر لاڈلے کو استثنا مل سکتا تو حنیف عباسی کو کیوں نہیں مل سکتا۔ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے بھارتی اخبار میں پیش گوئی کی کہ پنجاب میں تحریک انصاف کی نشستیں بڑھ جائیں گی، حسن عسکری کو اس پر استعفا دینا چاہیے۔