Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

داخلی عازمین کیلئے حج منسوخ نہیں کیا گیا، ترجمان وزارت حج

 ریاض.... وزارت حج و عمرہ کے ترجمان حاتم قاضی نے واضح کیا ہے کہ داخلی عازمین کیلئے حج منسوخ نہیں کیا گیا۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر گشت کرنے والے دعوے من گھڑت ہیں۔ وہ سماجی ویب سائٹس پر اس ایس ایم ایس پر تبصرہ کر رہے تھے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سعودی حکومت نے بیرون مملکت سے آنے والے عازمین حج کی غیر معمولی تعداد کے پیش نظر داخلی عازمین کو فریضہ حج کی سعادت سے روک دیا ہے۔ حاتم قاضی نے الشرق الاوسط سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر موجود یہ پیغام سراسر غلط ہے۔ حقیقت سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔ وزارت کی ویب سائٹ پر داخلی عازمین کیلئے اندراج کا سلسلہ جاری و ساری ہے۔ دوسری جانب داخلی عازمین کو حج کرانے والے اداروں و کمپنیوں کی رابطہ کمپنیوں کے سربراہ عبدالرحمان الحقبانی نے مذکورہ ایس ایم ایس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ بے چینی پھیلانے کیلئے جان بوجھ کر جاری کیا گیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر کے اپنے اکاﺅنٹ پر تحریر کیا کہ یہ پیغام انجانی مشکوک ویب سائٹ سے جاری کیا گیا۔ اس کا نام وزارت حج کی ویب سائٹ سے ملتا جلتا ہے البتہ اس میں ایک حرف کی کمی ہے۔ انہوں نے داخلی عازمین سے کہا کہ وہ آنکھیں کھلی رکھیں، نفرت انگیز افواہوں پر کان نہ دھریں۔ حج و عمرہ سے متعلق خبریں معتبر ذرائع ہی سے حاصل کریں۔ 
 

شیئر: