مقبوضہ غزہ۔۔۔قابض اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر وحشیانہ بمباری کرکے کم سے کم 3 فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔ فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے کی گئی بمباری میں تین فلسطینی شہید ہوئے ۔ مقامی ذرائع کاکہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیلی فوجیوں پر فائرنگ کے واقعے کے بعد صہیونی فوج نے حماس کے ٹھکانوں سمیت کئی دیگر عسکری کیمپوں پر بمباری کی۔ یہ کشیدگی پانچ روز قبل حماس اور اسرائیل کے درمیان مصر اور اقوام متحدہ کی طرف سے کرائی گئی جنگ بندی کے بعد سامنے آئی ہے۔قبل ازیں غزہ کی مشرقی سرحد پر فلسطینیوں کی فائرنگ سے متعدد اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے تھے۔ ان میں سے ایک کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔ زخمی اسرائیلی فوجیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، غزہ پر بمباری کے بعد یہودی کالونیوں میں خطرے کے سائرن بھی بجائے گئے ۔