ایشیا کپ:پاک و ہند ایک ہی گروپ میں
کوالالمپور:ایشین کرکٹ کونسل نے متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے پاکستان ا ور ہند کی ٹیموں کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے ۔ ایونٹ میں 6 ٹیمیں شریک ہیں جنہیں 2گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ایونٹ کے گروپ اے میں دفاعی چیمپیئن ہند، پاکستان اور کوالیفائر شامل ہیں جبکہ گروپ بی سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان پر مشتمل ہے۔ 15ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والے ایشیا کپ کا افتتاحی میچ 15ستمبر کو سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 16ستمبر کو کوالیفائر ٹیم کے خلاف کھیلے گا۔ تیسرا میچ ابو ظبی میں 17ستمبر کو افغانستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ ہند ایونٹ میں پہلا میچ 18ستمبر کو کو الیفائر کے خلاف کھیلے گا۔ایونٹ کا سب سے اہم میچ 19ستمبر کو پاکستان اور ہندکے درمیان کھیلا جائے گا ۔ راونڈ مرحلے کا آخری میچ بنگلہ دیش اور افغانستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔ایونٹ میں پہلی مرتبہ سپر 4مرحلے کو متعارف کرایا گیا جس میں دونوں گروپ کی ابتدائی 2بہترین ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی اور اس مرحلے میں ہر ٹیم 3میچ کھیلے گی۔سپر4 کی 2بہترین ٹیموں کے درمیان ایونٹ کا فائنل 28ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کی چھٹی اور کوالیفائر ٹیم کے انتخاب کیلئے ٹورنامنٹ ستمبر میں ہند میں کھیلا جائے گا جس میں ہانگ کانگ ، ملائیشیا، سنگا پور، نیپال ،عمان اور میزبان متحدہ عرب امارات شرکت کریں گے۔ اس ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم ایشیا کپ کھیلنے کی حقدار ہوگی۔