Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بجلی کے بل ہر ماہ 9 تاریخ سے مرحلہ وار جاری ہونگے

ریاض .... سعودی الیکٹرک کمپنی کا کہنا ہے کہ مملکت میں بجلی کے بل ہر ماہ کی 9تاریخ سے مرحلہ وار جاری کئے جائیں گے ۔ بجلی کے بلوں کے اجراءکے حوالے سے لوگوں کی شکایتوں کا ازالہ کرنے اور بلوں کی ترسیل کے نظام کو مزید منظم کرنے کےلئے سعودی الیکٹرک کمپنی نے نیا سافٹ ویئر تیار کیا ہے جس کے ذریعے بجلی کے بل ہر ماہ 9 سے 15 تاریخ تک ارسال کر دیئے جائیں گے ۔ بجلی کمپنی ذرائع کا کہنا ہے کہ مملکت میں اس وقت 90لاکھ گھریلو صارفین رجسٹرڈ ہیں جن کے بل مرحلہ وار تقسیم کئے جائیں گے ۔ بجلی کمپنی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکٹرک بل ہر ماہ کی 28 تاریخ کو ارسال کئے جاتے تھے مگر بڑی تعداد کے پیش نظر ایک ہی دن تمام بلوں کی ترسیل ممکن نہیں ہوتی اس لئے بجلی کمپنی کی جانب سے نیا سافٹ ویئر تیار کیا گیا ہے جس کی وجہ سے بلوں کی ترسیل کی تاریخ کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اب بجلی کے بل ہر انگریزی ماہ کی 9 تاریخ سے تقسیم کئے جائیں گے جو مرحلہ وار 7دنوں میں تمام صارفین کو ارسال کئے جائیں گے ۔ بلوں کے نئے نظام سے کسی قسم کا اضافی بوجھ صارفین پر نہیں پڑے گا ۔ بجلی کمپنی کے ذرائع کا کہنا تھا کہ بلوں کے سسٹم کوصارفین کی جانب سے شکایات کو دیکھتے ہوئے مزید بہتر کیا گیا ہے ۔واضح رہے مملکت میں بجلی کے بلوں میں اضافہ کیا گیا ہے جس کے مطابق فی یونٹ 18 ہلالہ کے حساب سے چارج کیاجاتا ہے ۔تجارتی اداروں کےلئے فی یونٹ 20 ہلالہ جبکہ زرعی فارمز کے لئے 16 ہلالہ مقرر کیا گیا ہے ۔ 6 ہزار یونٹ سے اضافی استعمال کرنے پر گھریلو اور تجارتی صارفین کےلئے 30ہلالہ فی یونٹ جبکہ زرعی صارفین کے لئے 20ہلالہ فی یونٹ کے حساب سے مقرر کیا گیا ہے ۔ اسکولوں اور امورصحت کے اداروں کےلئے بجلی کے نرخ فکس کئے گئے ہیں جو 18 ہلالہ فی یونٹ کے حساب سے چارج کئے جاتے ہیں ۔

شیئر: