التعاونیہ اور بوپا کیساتھ معاہدے منسوخ
اتوار 29 جولائی 2018 3:00
جدہ .... سعودی وزارت صحت نے قانون کی رو کے منافی تصرفات پر بوپا اور التعاونیہ انشورنس کمپنیوں کے ساتھ معاہدے ختم کردیئے۔ انتظامیہ نے مکہ اخبار کو یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ دونوں کمپنیوں نے انشورنس پیکیج حاصل کرنے والوں کیساتھ وہ معاملہ نہیں کیا جس کی وہ پابند تھیں۔ بوپا کے چیئرمین نے وزارت صحت کے فیصلے پر تبصرے سے انکار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کمپنی اس فیصلے پر فوری ردعمل نہیں دیگی۔ وزارت صحت نے 4تحفظات کا اظہار کیا۔ دونوں کمپنیاں جان بوجھ کر صحت کارروائی میں تاخیر کرتی تھیں۔ انشورنس کرانے والوں کے حقوق ادا کرنے میں ٹال مٹول سے کام لے رہی تھیں۔ حقوق حاصل کرنے کیلئے کمپنیوں سے رجوع کرنے والوں کو قومی شناختی کارڈ اور انشورنس کارڈ اور ایک خاص فارم پر دستخط کا پابند بنایا جارہا تھا۔ وزارت صحت نے دونوں کمپنیوں کو اصلاح حال کی مہلت بھی دی تھی جس سے فائدہ نہیں اٹھایا گیا۔ مہلت ختم ہونے پر وزارت نے دونوں کے معاہدے ختم کردیئے۔