مسافر بلیک لسٹ بھی ہوسکتا ہے؟
اتوار 29 جولائی 2018 3:00
ریاض ...یہاں کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فضائی کمپنیوں کے امور کے نگراں نواف الطحینی نے واضح کیا ہے کہ ہنگامی لینڈنگ پر فضائی کمپنی کو 2لاکھ ڈالر تک کا نقصان ہوتا ہے۔ کم از کم نقصان 10ہزار ڈالر کا ہوتا ہے۔ الطحینی نے توجہ دلائی کہ جب پرواز کے دوران مسافر وں کے درمیان کوئی جھگڑا ہوجائے یا مسافر اور ایئرہوسٹس کے درمیان کوئی مشکل پیش آجائے یا مار دھاڑ کا واقعہ رونما ہوجائے اور اس سے مسافر پریشان ہوں اور جسمانی نقصان ہو تو ایسی صورت میں خلاف پروگرام ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑتی ہے اس سے فضائی کمپنی کو 10ہزارسے لیکر 2لاکھ ڈالر کا خسارہ جھیلنا پڑتا ہے۔ کمپنی یہ خسارہ مسافر سے وصول کرسکتی ہے۔ کبھی کبھار ہنگامی لینڈنگ کسی مسافر کے بیمار ہوجانے یا نازک صورتحال سے دوچار ہوجانے یا طیارے میں فنی خرابی یاموسمی حالات خراب ہونے پر بھی کرنا پڑتی ہے۔ الطحینی نے یہ بھی بتایا کہ فضائی کمپنیاں مسافروں پر جرمانے کرچکی ہیں لیکن اس قسم کے واقعات بہت محدود ہیں۔ کبھی کبھار مسافروں کو بلیک لسٹ بھی کردیا جاتا ہے۔