عروسی ملبوسات کے جدید ٹرینڈز
اتوار 29 جولائی 2018 3:00
فیشن کے بدلتے رجحانات کے ساتھ عروسی ملبوسات کے انداز میں بھی جدت نظر آتی ہے اور انکا فیشن موسم کی طرح تبدیل ہوتا ہے ۔ عروسی ملبوسات کی تیاری باقاعدہ انڈسٹری کا روپ دھار چکی ہے اور عروسی جوڑا اور جیولری باقاعدہ طور پر ڈیزائینرز سے تیار کروائی جاتی ہیں ۔ اگر حالیہ ٹرینڈ کی بات کی جائے تو بھاری بھرکم ایمبرائیڈڈ اور گہرے رنگوں کے ملبوسات کی جگہ ہلکے رنگوں کے نازک ملبوسات نے لے لی ہے ۔ سرخ ، آتشی گلابی اور سبز رنگوں کے گہرے شیڈز کی جگہ ہلکے رنگوں سے کشیدہ کاری کی جا رہی ہے ۔ ہلکے رنگوں کی بہار ملبوسات میں چار چاند لگا دیتی ہے اور عروسی ملبوسات میں استعمال ہوکر سرمئی جیسے اداس رنگ کا بھی مزاج بدل جاتا ہے ۔ عام طور پر بارات میں سرخ رنگ کا بھاری بھر کم لہنگا پسند کیا جاتا تھا اور ولیمے پر روایتی گلابی یا سبز رنگ کو ترجیح دی جاتی تھی تاہم اب دلہنیں نے اپنے خاص دن کو یاد گار بنانے کے لیے روایتی انداز کو جدید رنگوں میں اپنانے کی کوشش کر رہی ہیں ۔ ڈیزائنرز ملبوسات میں روایتی ایمبیلیشمنٹ کو ماڈرن کٹس کے ساتھ پیش کر رہے ہیں اس طرح ان ملبوسات میں انفرادیت اور بدلتے ٹرینڈ کا امتزاج دیکھنے کو ملتا ہے اور روایت سے جڑے ہونے کا احساس بھی ہوتا ہے اور یہی چیز ان ملبوسات کو خواتین میں مقبول بناتی ہے ۔