Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قیمہ بھرے کریلے بنانے کی ترکیب‎

​اجزاء:
کریلے ۔ایک کلو
قیمہ۔آدھا کلو
پیاز (باریک کاٹ لیں)۔تین سے چار
ٹماٹر(چھیل کر گودا باریک پیس لیں)۔تین عدد
ہرا دھنیہ(باریک کٹا ہوا )۔ایک پیالی
سوکھا دھنیہ(باریک پسا ہوا) ۔دو چمچ
اناردانہ(پیس لیں) ۔دو بڑے چمچ
زیرہ ۔ ایک چھوٹا چمچ
نمک ،مرچ ۔ڈیڑھ چمچ
ہلدی ۔ ایک چھوٹا چمچ
ترکیب :کریلوں کو لمبائی کے رخ کٹ لگا کر بیج نکال لیں اور نمک لگا کر رکھ دیں ۔ایک تنگ منہ کے برتن میں دو چمچ تیل کڑکڑائیں ۔ جب خوب گرم ہو تو اس میں قیمہ ڈال کر ڈھک دیں اور آنچ درمیانی کر دیں ۔ قیمہ اپنے ہی پانی میں پندرہ سے بیس منٹ تک پکنے دیں ۔ اس دوران باریک کٹے ہوئے پیاز کو تیل میں گہرا تلیں یہاں تک کہ سرخ ہو جائے ۔قیمے میں آدھی پیالی تیل ، سرخ کیا ہوا پیاز ،ٹماٹر سمیت تمام مصالے ڈال کر بھونیں یہاں تک کہ تیل چھوڑنے لگے، آخر میں ہرا دھنیہ شامل کر دیں ۔ اب چاہیں تو اس قیمے کو کوٹ لیں یا یونہی رہنے دیں ۔کریلوں کو دھو کر نمک اتار دیں ، اب ان میں قیمہ بھر کر ان کا چاک سی لیں یا دھاگہ لپیٹ لیں۔کھلے منہ اور ہموار پیندے کے برتن میں دو پیالی تیل ڈال کر گرم کریں ۔ جب تیل خوب گرم ہو تو ایک ایک کر کے کریلے ڈالتی جائیں ، اس طرح کہ ان کا چاک یا کٹ اوپر کی جانب ہو اور تیل میں ڈوبا ہوا نہ ہو ورنہ ان میں تیل زیادہ ہو جائے گا ۔ آنچ درمیانی کر دیں ، اور بیس منٹ تک پکنے دیں ، اس دوران آپ دوسرے کام کر سکتی ہیں ، بیس منٹ بعد ایک کریلا پلٹ کر دیکھیں اور سنہرا ہونے تک پکنے دیں ۔ ایک طرف سنہری ہو جائے تو سب کریلوں کا رخ پلٹ دیں اور دوسری جانب سے بیس منٹ تک پکنے دیں ۔ اب کریلوں کو کسی چھلنی میں نکال دیں ۔ اضافی تیل نکل جائے تودھاگے ہٹا کر سینی میں سجا لیں ۔لیجیے مزے دار قیمہ بھرے کریلے تیار ہیں ۔ سلاد یا ہری چٹنی ، میٹھی لسی اور گرما گرم روٹیوں کے ساتھ پیش کریں۔

شیئر: