Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حالیہ انتخابات کو منظم سازش کے تحت متنازعہ بنایا جارہا ہے، فرخ رشید

 پاکستان کے عوام نے تبدیلی کےلئے ووٹ دیا، تحریک انصاف کی حکومت اہل پاکستان کو حقیقی تبدیلی سے روشناس کرائے گی ، مقامی رہنما پی ٹی آئی کی اردونیوز سے گفتگو 
.جدہ ( ارسلان ہاشمی) پاکستان تحریک انصاف مڈل ایسٹ مینجمنٹ کمیٹی کے رکن فرخ رشید نے کہا ہے کہ الیکشن 2018 میں پی ٹی آئی کی کامیابی عوامی امنگوں کا نتیجہ ہے جنہیں منظم سازش کے تحت متنازعہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ان کا مقصد صرف پی ٹی آئی کی جیت کو متاثر کر کے عوام کو انکے مقاصد سے دور رکھنا ہے۔ اردونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ میں خاص طور پر ا نتخابات میں حصہ لینے کے لئے پاکستان گیا ۔ الیکشن سے قبل ہر شہر کے عوام واضح طور پر تبدیلی کے خواہش مند نظر آئے۔ الیکشن سے ایک رات پہلے لاہور شہر میں افواہوں کا بازار سرگرم تھاکہ فوج براہ راست پولنگ پر اثرانداز ہو کر اپنے مطلوبہ نتائج حاصل کرنا چاہتی ہے۔اس مقصد کے حصول کے لئے میڈیا کو بھی پولنگ ا سٹیشن تک رسائی نہیں دی جائے گی۔25 جولائی کی شام کو سب افواہیں جھوٹی ثابت ہوئیں ۔الیکشن کمیشن کے نتائج مرتب کرنے کے لئے پہلی مرتبہ نادرا سے آر ٹی ایس سافٹ وئیر  لیا گیا جس کا پہلے سے عملی تجربہ نہیں کیا گیا تھا جس کی وجہ سے سسٹم ناکام ہوا اور نتائج میں تاخیر ہوئی ۔ فرخ رشید کا کہنا تھا کہ کراچی سے لیکر خیبر تک عوام حقیقی تبدیلی کےلئے نکلے تھے ۔ درحقیقت پاکستان پر برسوں سے قابض طبقہ ملک کو حقیقی معنوں میں "پاکستان "بننے نہیں دینا چاہتا اس لئے عوام میں یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ۔ 25 جولائی سے قبل کے مناظر قوم کے سامنے ہیں ۔ انتخابات سے پہلے قومی اور بین الاقوامی سروے کی رپوٹیں بھی موجود ہیں جن میں عوام نے واضح طور پر فیصلہ دے دیا تھا ۔ انتخابات میں کسی خلائی مخلوق نے نہیں بلکہ پاکستانی عوام نے حقیقی تبدیلی کےلئے اپنی رائے دی ہے ۔حقیقت یہ ہے کہ قوم ماضی کے حکمران خاندانوں سے تنگ آئی ہوئی ہے اور قوم اب بیدار ہوچکی ہے ۔ ساری دنیا کی نظریں بھی پاکستان پر لگی ہیں ۔ہمیں وطن عزیز کی سلامتی اور استحکام کی خاطر افواہوں کو رد کرتے ہوئے نئی منتخب حکومت کو مضبوط بنانا ہے تاکہ پاکستان اپنے قیام کے حقیقی مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکے ۔ پی ٹی آئی کے مقامی رہنما نے مزید کہا کہ پاکستان کو رب کریم نے ہر قسم کی نعمتوں سے مالا مال کر رکھا ہے مگر سابقہ جماعتوں نے کبھی ملکی و قومی مفادکو ترجیح نہیں دی ۔ حکمرانوں نے عوام کو روٹی کپڑا اور مکان کے حصول میں اس قدر الجھا دیا تھا کہ وہ ارباب اقتدار سے یہ سوال نہ کرسکیں کہ تمام نعمتوں کے ہوتے ہوئے بھی پاکستان ترقی کیو ں نہیں کر سکا ۔ تحریک انصاف کا یہ عزم ہے کہ پاکستان کو اقوام عالم میں ترقی یافتہ ملک بنائے گی۔ ہمارے یہاں وسائل کی کمی نہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ مخلص قیادت پر مکمل اعتماد کرتے ہوئے اس کے ہاتھ مضبوط کریں تاکہ پاکستانی عوام اقوام عالم میں سربلند ہو سکے۔اب قوم اس صبح کی منتظر ہے جو پی ٹی آئی کا منشور ہے۔ 

شیئر: