چوہدری سرور گورنر پنجاب نامزد
اسلام آباد... تحریک انصاف نے چوہدری سرور کو گورنر پنجاب نامزد کردیا۔ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری سرورپنجاب کے گورنر ہوں گے اور وفاق کی نمائندگی کریں گے۔ نامزد گورنر پنجاب ہمارے پارلیمانی بورڈ میں شامل تھے اور وہ مختلف فیصلوں میں شامل رہے، ہم چاہتے تھے کہ ان کے سینئر ہونے کا فائدہ اٹھائیں اور وہ صوبے میں سیاسی استحکام کے لئے بہتر کردار ادا کریں گے۔ تحریک انصاف کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے اسپیکر کے لئے چوہدری پرویز الہیٰ کے نام کو حتمی شکل دے دی گئی ۔شاہ محمود نے کہا کہ پنجاب میں واضح اکثریت حاصل ہے حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ کچھ لوگوں کو ذمہ داری دی جائے کہ وہ مختلف علاقوں کے اراکین پارلمنٹ سے رابطے میں رہیں۔ خیبرپختونخوا کے اراکین سے رابطے کی ذمہ داری پرویز خٹک، سندھ میں عارف علوی، بلوچستان قاسم سوری اور خان محمد جمالی، پنجاب کے 4 ریجن کی ذمہ داریاں علیحدہ نمائندوں کو دی گئی ہیں۔ وسطی پنجاب کے ارکان سے شفقت محمود، مغربی پنجاب میں چوہدری سرور، شمالی پنجاب میں عامر کیانی اور جنوبی پنجاب کے ارکان سے میں خورابطے میں ر ہوں گا۔