لندن .... چہل قدمی کو ایک زمانے سے صحت اورتندرستی کے لئے انتہائی مفید سمجھا جاتا رہا ہے۔ اسی حوالے سے جاری ہونے والی تازہ ترین رپورٹ میں اسکی نئی افادیت سے زیادہ سے زیادہ استفادے کاگر بتایا گیا ہے۔ یونیورسٹی آف برسٹل میں ہونے والی تحقیق کے بعد جو رپورٹ جاری ہوئی ہے ا س میں ماہرین نے اس بات پر زوردیا ہے کہ روزانہ 10منٹ کی تیز رفتار چہل قدمی بہت زیادہ مفید ہے اور اگر60سال سے زیادہ عمر کے افراد اس رو ش کو اختیار کریں تو انہیں عارضہ قلب کا خطرہ بہت محدود ہوجاتا ہے او راعدادوشمار کے مطابق یہ خطرات کم سے کم 6فیصد کم ضرورہوجاتے ہیں۔ تیزرفتار چہل قدمی کے مثبت اثرات عورتوں اور مردوں پر یکساں ہوتے ہیں۔ اس طریقے سے جوڑوں پر ورم کم ہوتا ہے ۔ پروٹین کی مقدار متوازن رہتی ہے اور شریانوں میں بن جانے والے لوتھڑوں کی تشکیل تقریباً ختم ہوجاتی ہے۔ ان تمام فوائد کے حصول کیلئے روزانہ کی ورزش شرط قرار دی گئی ہے۔ رپورٹ کی تیاری کیلئے 60سے 64سال تک کی عمر کے 1600رضاکاروں کا تعاون حاصل کیا گیا۔