حکومت کیخلاف بولنے پر ہر شخص کو ڈرایا جارہا ہے، عمر خالد
نئی دہلی۔۔۔جواہر لعل نہرو یونیورسٹی ( جے این یو) کےطالب علم رہنماعمر خالد پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تاہم وہ بال بال بچ گئے۔ حملے کے سلسلے میں عمر خالد نے کہا کہ جب مجھ پر فائرنگ کی گئی تو میں خوفزد ہ ہوگیا۔ مجھے گوری لنکیش کا واقعہ یاد آگیا۔ملک میں ہر طرف خوف کا عالم ہے ، حکومت کیخلاف آواز بلند کرنے والے ہر شخص کو ڈرایا دھمکایا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ یونائٹیڈاگینسٹ ہیٹ تنظیم کی جانب سے’’خوف سے آزادی‘‘کے موضوع پر ہونیوالے پروگرام میں شرکت کیلئے پہنچے۔پروگرام شروع ہونے سے قبل چائے کے اسٹال سے چائے پی کر پروگرام ہال میں داخل ہورہے تھے کہ نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کردی ۔ خالد نے کہا کہ حملہ آور کا چہرہ نہیں دیکھ سکا۔ انہوں نے سوال کیا کہ آخر اس خوف کے ماحول میں لوگ کب تک زندہ رہ سکیں گے۔ انہوں نے حکومت اور سیکیورٹی اداروں سے اپیل کی کہ نامعلوم حملہ آوروں کوگرفتار کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔دہلی کے جوائنٹ پولیس کمشنر اجے چودھری نے بتایا کہ عمر خالد اپنے دوستوں کے ساتھ چائے پی رہے تھے کہ ایک شخص نے عقب سے حملہ کیا جس سے وہ نیچے گرگئے اورمحفوظ رہے۔ اس معاملےکی تحقیقات شروع کردی گئی ۔