7ریاستوں میں شدید بارش اور سیلاب،مرنیوالے 774ہوگئے
نئی دہلی۔۔۔۔۔ ملک کی متعددریاستوں میں بارش اور سیلاب کا سلسلہ جاری ہے ۔ شدید بارش کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ، بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات ہوئے۔وزارت داخلہ کے مطابق مانسون کے موسم میں 7ریاستوں میں طوفانی بارش اور سیلاب کی وجہ سے رونما ہونیوالے حادثات میں ابتک774افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ مشرقی ریاستوں اترا کھنڈ اور ہماچل پردیش میں شدید بارش سے حالات انتہائی خراب ہیں ۔ محکمہ موسمیات نے یوپی، ہماچل پردیش ، اتراکھنڈ ، کیرالا ، کرناٹک، تامل ناڈو، مغربی بنگال، آسام ، ناگالینڈ اور اروناچل پردیش سمیت 16ریاستوں میں بارش کا الرٹ جاری کردیا۔وزارت داخلہ کے نیشنل ایمرجنسی سینٹرکے مطابق سیلاب اور بارش سے کیرالا میں 187، اتر پردیش میں 171، مغربی بنگال میں 170اور مہاراشٹر میں 139افرادہلاک ہوگئے۔اعدادو شمار کے مطابق گجرات میں 52، آسام میں 45اور ناگالینڈ میں 8افراد کی موت ہوئی۔ کیرالا میں 22اور مغربی بنگال میں 5افراد لاپتہ ہوگئے۔بارش اور سیلاب زدہ ریاستوں میں ہونیوالے حادثات میں 245افراد زخمی ہوئے ۔ آسام میں این ڈی آر ایف کی 15 مغربی بنگال اور یوپی میں 8، گجرات میں 7، کیرالا میں 4، مہاراشٹر میں 4اور ناگالینڈ میں ایک ٹیم تعینات کی گئی۔کیرالا میںوقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جہاں مرنیوالوں کی تعداد 39تک پہنچ گئی ہے۔ سیلاب کی وجہ سے 8ہزار کروڑ سے زیادہ کا نقصان ہوا۔ سی پی ایم کے رہنما وجین کا کہنا ہے کہ 8316کروڑ کی جائداد کو نقصان پہنچا جبکہ سیکڑوں کلومیٹر سڑکیں تباہ ہوگئیں۔