گئورکشا کیلئے ماریں گے یا مر جائیں گے،مستعفی بی جے پی رہنما
حیدرآباد۔۔۔۔۔تلنگانہ سے بی جے پی رکن اسمبلی ٹی راجا سنگھ لودھ نے پارٹی کو اپنا استعفیٰ پیش کرتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ گئورکشا کے سلسلے میں کوئی تعاون نہیں دے رہی ۔ تلنگانہ کےگوش محل اسمبلی حلقے کی نمائندگی کرنے والے لودھ نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کئے گئے ایک وڈیو میں کہا کہ ریاست کے بی جے پی صدر کے لکشمن کواپنا استعفیٰ بھیج دیا ہے۔ ہندو مذہب اور گئورکشا اولین ترجیحات ہیں اور سیاست بعد میں آتی ہے۔گائے کے تحفظ کے لئے استعفیٰ دیا ہے۔ ایوان میں متعدد بار اس مسئلہ کو اٹھایا لیکن پارٹی کی جانب سے کوئی تعاون حاصل نہیں ہوا۔ میری ٹیم سڑکوں پر اتر کر ریاست میں گئوکشی بند کرائیگی۔راجہ سنگھ نے کہاکہ آئندہ بقرعید کے دن تلنگانہ کی سڑکوں پر ہم خود گئو رکشا کریں گے، چاہے ہم مر جائیں ، لیکن ہم گائے کو مرنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گئورکشا کے لئے ہم ماریں گے یا تو خود مر جائیں گے۔