ہمیں اپنا احتساب کرنا ہوگا، کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل رہیگا
مکہ مکرمہ (محمد عامل عثمانی) یہاں محلہ شوقیہ کے پاکستانی خدام الحجاج کے کمانڈر رانا رمیز اور انکے رفقائے کار ڈپٹی کمانڈر فیاض علی گھن اور سیکٹر فوڈ کمانڈر محمد اقبال نے عازمین حج کیساتھ مل کر پاکستان کا جشن آزادی منایا۔ مہمان خصوصی سماجی رہنما کامران بٹ تھے۔ رانا رمیز نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کے فرمودات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ صدق دل سے ا ن پر عمل کیا جائے اور دیگر لوگوں کے سامنے ایک مثال پیش کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنا محاسبہ کرنا ہے کہ گزشتہ 71برسوں میں قیام پاکستان کے کتنے مقاصد ہم حاصل کرسکے ہیں۔ کامران بٹ نے کہا کہ وطن عزیز کے تابناک مستقبل کیلئے متحد ہوکر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ جشن آزادی کے موقع پر کشمیری بھائیوں کی بے بسی ہمیں دکھی کردیتی ہے۔ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل رہیگا۔