امیگریشن مراحل کو مزید آسان بنانے کےلئے کوشاں ہیں، جنرل سلیمان الیحییٰ
مستقبل میں سفری دستاویز کی جگہ فنگر پرنٹ اور چہرے کی اسکیننگ کوشناخت کےلئے استعمال کیاجائیگا، ڈی جی جوازات کی اردونیوز سے گفتگو
جدہ ( ارسلان ہاشمی) ڈائریکٹر جنرل جوازات جنرل سلیمان الیحییٰ نے کہاہے کہ امیگریشن کے مراحل کو مزید بہتر بنانے کےلئے کوشاں ہیں ۔ ڈیجیٹل سسٹم سے مملکت آنے والے عازمین کو بہت سہولت ہوئی ۔ مستقبل میں دستاویز کے بغیر سفری سہولت فراہم کرنے پر غور کیاجارہا ہے ۔ حج انتظامات کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے جنرل الیحیی نے کہا کہ فنگر پرنٹ سسٹم سے جہاں عازمین کو سہولت ہو رہی ہے وہاں جوازات کے ادارے کو بھی کافی آسانی ہوئی ۔ امسال حج پر آنے والے 5 ایسے مسافر وں کو حج کی اجازت دی گئی جن کے پاسپورٹ سفر میں گم ہو گئے تھے ۔ جوازات کے کاﺅنٹر پر جب یہ عازمین پہنچے تو انکے پاس سفری دستاویز نہیں تھی جس پر کاﺅنٹر پر موجود اہلکار نے فنگر پرنٹ سے انکا ڈاٹا حاصل کیا اورتمام تفصیلات جن میں حج ویزے اور دیگر معلومات تھیں حاصل کر کے انہیں فریضے کی ادائیگی کےلئے روانہ کردیا گیا۔بعدازاں انکے پاسپورٹ جو مختلف مقامات پر گم ہو گئے تھے مل گئے جنہیں ان تک پہنچا دیا گیاتاہم پاسپورٹ کی عدم موجودگی کے باوجود انہیں امیگریشن کی سہولت فراہم کی گئی۔ فنگرپرنٹ سسٹم کی افادیت کے حوالے سے جنرل الیحیی کا کہنا تھا کہ فنگر پرنٹ سے فوری طور پر اس شخص کا ڈیٹا حاصل کیاجاسکتا ہے جس کا اندراج جوازات کے مرکزی کمپیوٹر میںکیا گیا ہو۔ فنگر پرنٹ کے علاوہ آنکھوںاور چہرے کی اسکیننگ کی سہولت بھی جوازات کو حاصل ہے جس سے جعل سازی پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا ہے ۔ ماضی میں اس حوالے سے بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا ۔