مکہ مکرمہ.... ڈپٹی منسٹر اور وفاقی سیکریٹری مذہبی امورخالد مسعود چوہدری نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں دفتر امور حجاج کی کارکردگی مثالی ہے،سعودی حکومت اور پاکستانی سفیر بہترین معاونت کر رہے ہیں۔ وہ حج ایڈوائزری کمیٹی اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق وزارتِ مذہبی امور کے وفاقی سیکرٹری خالد مسعود چوہدری نے سعودی عرب آمد اور عمرہ کی ادائیگی کے بعد دفتر امور حجاج پاکستان میں حج انتظامات حوالے سے حج ایڈوائزری کمیٹی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر ہشام بن صدیق، ڈائریکٹر جنرل حج ڈاکٹر ساجد یوسفانی ، ڈائریکٹر حج سید امتیاز شاہ سمیت دفتر امور حجاج پاکستان کے تمام شعبوں کے ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ ڈپٹی منسٹر اور وفاقی سیکرٹری مذہبی امور خالد مسعود چوہدری کا کہنا تھا کہ اب تک حج انتظامات بہت اچھے رہے ۔ فلائٹ آپریشن میں مشکلات کے باوجود عازمینِ حج کی اتنی بڑی تعداد کو سعودی عرب پہنچانا بڑی کامیابی ہے۔ سعودی عرب میں عازمینِ حج رہائشوں، کھانے ، رہنمائی، سفری اور طبی سہولیات کے معیار سے بہت خوش ہیں۔ انہوں نے دفتر امور حجاج کی بہترین معاونت کرنے پر سعودی حکومت اور پاکستانی سفیر ہشام بن صدیق کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ خالد مسعود چوہدری نے کہا کہ وفاقی وزراء کی عدم موجودگی میں پوری ٹیم کو زیادہ محنت کی ضرورت ہے۔ عازمین کے لئے سہولتیں پہلے سے بھی بہتر اور کم خرچ ہیں۔ سفیر پاکستان ہشام بن صدیق نے کہا کہ خادم حرمین شریفین اور ولیعہد عازمین کو سہولتوں کی فراہمی میں ذاتی دلچسپی لیتے ہیں۔ اس سال منیٰ کے بینکر بیڈز کی نئی سہولت اور اگلے سال مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان متوقع ٹرین سروس اور مکہ روٹ پروگرام کی بدولت عازمین حج کو مزید سہولیات ملیں گی۔ قربانی کے جانور پاکستان سے منگوانے پر سعودی عرب سے بات چیت جاری ہے۔ ڈی جی حج نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ مشاعر میں کھانے، ٹرانسپورٹ ،بینکر بیڈز اور دیگر اضافی سہولیات کیلئے موسسہ جنوب ایشیاکو 880 ریال فی حاجی کی ادائیگی کی جا چکی ہے۔ اس سال آدھے پاکستانی عازمینِ حج منی میں بینکر بیڈز پر رہائش رکھیں گے۔ امید ہے کہ اس سال مشاعر میں انتظامات پہلے سے بھی بہتر ہونگے۔ جبکہ عازمین حج کے گروپ لیڈرز کو منی و عرفات سے واقفیت کیلئے معلوماتی دورے بھی کروائے جا رہے ہیں۔ سرکاری ا سکیم کے ذریعے 57 ہزار سے زائد عازمین کی قربانی کا انتظام مکمل ہے۔ سیکٹر ایک سے سات کے 46 ہزار عازمین کی قربانی 10 ذی الحجہ کو نماز عصر کے بعد جبکہ باقی عشاءتک ہو جائے گی۔