محکمہ امن عامہ کا غیر قانونی حجاج کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری
منیٰ .... قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مشاعر مقدسہ میں غیر قانونی طور پر حج کےلئے آنے والوں کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری ہے۔ سبق نیوز کے مطابق امن عامہ کے دستے مکہ مکرمہ اور منی میں متعین ہیں تاکہ حج پرمٹ کے بغیر آنے والوں کے خلاف کارروائی کی جاسکے ۔ قانون کے مطابق حج پرمٹ کے بغیر کسی کو مشاعر مقدسہ جانے کی اجازت نہیں خلاف ورزی کرنے والوں کو قانونی مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ حج ٹاسک فورس اور دیگر امن عامہ برقرار رکھنے والے اداروں کے اہلکاروں کو منی میں مختلف اہم پوائنٹس پر متعین کیا گیا ہے جو ہر آنے والے سے حج پرمٹ کی جانچ کرتے ہیں ۔جن افراد کے پاس حج پرمٹ نہیں ہوتا انہیں لوٹا دیاجاتا ہے ۔ امن عامہ کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر حج کرنےوالوں سے نقص امن کا خدشہ پیدا ہوتا ہے ۔انفرادی طور پر حج کرنے والے راستوں اور مختلف مقامات پر ڈیرے ڈالتے ہیں جس کی وجہ سے قانونی طور پر حج کرنے والوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ ڈیرے ڈالنے سے بھگدڑہونے کے سبب صورتحال خطرناک ہو جاتی ہے اس لئے وزارت حج کی جانب سے حج پر جانے والوں کےلئے اجازت ناموں کا اجراءکیاگیا ہے تاکہ مناسک حج بہتر طور پر ادا کئے جاسکیں ۔ امن عامہ کا کہنا تھا کہ مکہ مکرمہ میں رہنے والے بھی حج پرمٹ کے بغیر مشاعر نہیں جاسکتے ۔ وہ افراد جو مکہ مکرمہ میں مقیم ہیں اور غیر قانونی طور پر مشاعر مقدسہ جاتے ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جاتی ہے ۔تفتیش کے دوران وہ افراد جو غیر قانونی طور پر مملکت میں مقیم ہیں انہیں گرفتار کرکے متعلقہ ادارے کے سپرد کیاجاتا ہے جبکہ حج پرمٹ کے بغیر چیک پوسٹ عبور کرنے والوں کو لوٹا دیاجاتاہے ۔